کراچی کے قریب سمندر میں نایاب شارک کی موجودگی کا انکشاف

پیر 19 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں چرنا آئی لینڈ کے قریب سمندر میں نایاب وہیل شارک دیکھی گئی ہے، جس کے ساتھ غوطہ خوروں کی تیراکی کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی ہے۔

پاکستان بوٹ ریلی اینڈ فشنگ ایسوسی ایشن (پی بی آر ایف) کے مطابق سمندر میں غوطہ خوری کے دوران یہ نایاب وہیل شارک دیکھی گئی، جس کی غوطہ  خوروں نے کیمرے کی مدد سے ویڈیو بنائی ہے۔ وہیل شارک کے قریب تیراکی پاکستان بوٹ ریلی کے غوطہ خور منان شیخ نے کی جبکہ فاضل ٹپال نے وہیل شارک کے جسم کو چھوا اور اس کی دم کو پکڑا۔

یہ بھی پڑھیں: 56 فٹ لمبی وہیل مچھلی کا ڈھانچہ کراچی میں سڑک کنارے موجود

پاکستان بوٹ ریلی اینڈ فشنگ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ غوطہ خور اس وہیل شارک کے ساتھ 20 منٹ تک تیراکی کرتے رہے، وہیل شارک اور ڈولفن سمیت مختلف اقسام کی سمندری حیات موسم سرما یا مون سون کے بعد خوراک کی تلاش میں چرنا آئی لینڈ اور کبھی کبھار مبارک ویلیج کا رخ بھی کرتی ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں میں ڈیڑھ لاکھ وہیل شارکس باقی ہیں۔ میرین سائنس کے جرنل فرنٹیئرز میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، وہیل شارک سب سے بڑی مچھلی اور جسامت میں سب سے بڑی شارک ہے، جو ناقابل یقین حد تک طویل عرصہ تک زندہ رہ سکتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس کی لمبائی 18 میٹر اور وزن اوسطاً 20 ٹن تک ہوسکتا ہے اور اس کی مخصوص سفید داغ دار رنگت اسے آسانی سے شناخت کے قابل بناتی ہے۔ وہیل شارک کو سندھی زبان میں اندھی منگر اور بلوچی میں بارن کہا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp