پانی میں پھنسے خاندان کی حفاظت کے لیے ڈرائیور نے جان خطرے میں کیوں ڈالی؟

پیر 19 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان بھر میں گزشتہ کئی روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ طوفانی بارشوں کے سبب شمال مغربی اور صوبے کے مشرقی اضلاع کے ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہو گئی ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

سیلاب کے سبب قومی شاہراہوں پر آمدورفت متاثر ہے جبکہ کچھ علاقوں میں رہائشی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے جس سے لوگ دربدر ہوگئے ہیں۔ ایسے میں قلعہ عبداللہ کے رہائشی محب اللہ نے اپنی مدد آپ کے تحت گزشتہ روز سیلابی ریلے میں پھنسی فیملی کو بچا لیا۔

یہ بھی پڑھیں بلوچستان میں برشوں سے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال

اتوار کے روز قلعہ عبداللہ کے علاقے ارمبی میں توبہ اچکزئی سے آنے والے سیلابی ریلے میں ایک گاڑی پھنس گئی تھی جس میں ڈرائیور، خاتون اور 3 بچے سوار تھے جنہیں ایک گھنٹے کے بعد ریسکیو کیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی ایکسیویٹر ڈرائیور نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر فیملی کو بچایا۔

جان کی پرواہ کیے بغیر سیلابی ریلے میں پھنسی فیملی کو ریسکیو کیا، ایکسیویٹر ڈرائیور

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے ایکسیویٹر ڈرائیور محب اللہ نے کہاکہ جب ہمیں اطلاع ملی کہ ایک گاڑی سیلابی ریلے میں پھنس گئی ہے تو ہم اپنی ذاتی ایکسیویٹر کے ساتھ خاندان کو ریسکیو کرنے کے لیے چلے گئے۔ اس دوران سیلابی ریلا انتہائی تیز تھا جس میں ایکسیویٹر بہہ جانے کا خطرہ بھی موجود تھا لیکن اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر میں نے اس خاندان کو بحفاظت سیلابی ریلے سے نکال لیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلعہ عبداللہ میں سیلابی ریلے میں پھنسی فیملی کو فوری ریسکیو کرنے پر ایکسیویٹر ڈرائیور کو شاباش دی اور نقد انعام کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال، لوگ بے یارومددگار

انہوں نے کہاکہ ڈرائیور نے بہادری و جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون اور بچوں کی زندگی بچا کر خدمت خلق کی عمدہ مثال قائم کی، معاشرے کی بے لوث خدمت کرنے والے ہی ہمارے حقیقی ہیرو ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp