پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رجیم چینج آپریشن اور 9 مئی دونوں ہمارے خلاف سازش تھی، اب ہمیں ہی مجرم بنا کر سزا بھی دی جارہی ہے، دونوں معاملات میں ہم نے انکوائری کا مطالبہ کیا لیکن ہماری بات نہیں مانی گئی۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان بنانا رپبلک بن چکا ہے، جہاں کوئی آئین اور قانون نہیں۔
یہ بھی پڑھیں جنرل (ر) فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا جائے گا، بانی پی ٹی آئی عمران خان
انہوں نے کہاکہ میں آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں کہ جس نے 9 مئی کی فوٹیج چرائی یہ واقعہ بھی اسی نے کرایا۔
عمران خان نے کہاکہ ہمارے خلاف سازش ہوئی حکومت گرا دی گئی، سائفر ہمارے خلاف آیا تھا اور اس کا کیس میرے اور شاہ محمود پر بنا دیا گیا، اس کا ایک ہی مقصد ہے کہ مجھے فوج کی حراست میں لیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا مشکل ہوگیا ہے، اور لوگ خود کشیاں کررہے ہیں۔
عمران خان نے کہاکہ اب دنیا بھر میں یہ خبریں چل رہی ہیں کہ پاکستان میں بجلی کا بل گھر کے کرائے سے زیادہ ہوگیا ہے۔ آئی پی پیز کا بحران روز بروز بڑھتا جارہا ہے، اور مہنگائی میں پسے ہوئے عوام پر ہر مہینے بجلی کا بل قہر بن کر گرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ چند خاندانوں نے خاص طور شریف اور زرداری خاندان نے اپنے ذاتی فائدے اور دولت بنانے کے لیے ملک میں بجلی کا نظام تباہ کردیا ہے۔ 2 سال میں معیشت مکمل تباہ ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری سے نہ ڈرا ہوں، نہ گھبرایا ہوں، بانی پی ٹی آئی عمران خان
انہوں نے کہاکہ فیصل آباد میں فیکٹریاں بند ہو گئی ہیں اور ان کی ساری توجہ تحریک انصاف اور مجھے گرانے پر لگی ہوئی ہے۔