کملا ہیرس جلد امریکا کی صدر بنیں گی، امریکی صدر جو بائیڈن

منگل 20 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن شکاگو میں خطاب کرتے ہوئے امریکا کے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ کملا ہیرس جلد امریکا کی صدر بنیں گی۔

صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ نے اپنے 4 سالہ اقتدار میں کیے وعدے پورے نہیں کیے، امریکیوں کی بدولت ہمارے 4 سال تاریخ کے بہترین سال تھے۔ امریکا میں کسی بھی قسم کے سیاسی تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

بائیڈن میں کنونش مین شریک لوگوں سے پوچھا کہ کیا آپ کملاہیرس کو ووٹ دینے کے لیے تیار ہیں، کیا آپ امریکا میں جمہوریت کے لیے تیار ہیں، جمہوریت کا تحفظ کیا جانا چاہیئے۔ کملا ہیرس جلد امریکا کی صدر بنیں گی۔

مزید پڑھیں:امریکی صدارتی انتخابات: کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ پر 4 پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی

بائیڈن نے کہا کہ امریکیوں کی بدولت ہمارے 4 سال غیر معمولی رہے۔ ہمارے اچھے دن آ رہے ہیں، جمہوریت غالب آئے گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ 4 سال سے وعدے کرتے رہے لیکن انہوں نے کیا کچھ نہیں۔ ہمارے فیصلے آنے والی دہائیوں کے لیے ہماری قوم اور دنیا کی قسمت کا تعین کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلی سیاہ فام خاتون کو امریکا کی سپریم کورٹ میں لا کر وعدہ پورا کیا۔

کملا ہیرس منتخب ہوئیں تو امریکی معیشت تباہ ہو جائے گی، ٹرمپ

ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کملا ہیرس منتخب ہوئیں تو امریکی معیشت تباہ ہو جائے گی۔

مزید پڑھیں:کملا ہیرس صدراتی دوڑ میں آگے، سروے رپورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت کا پول کھول دیا

پنسلوینیا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بائیڈن نے معیشت برباد کردی۔ 35 لاکھ سے زائد امریکی بے روزگار ہوئے، بد ترین مہنگائی کی وجہ سے ہر گھرانے پر سالانہ 28 ہزار ڈالر کا بوجھ پڑا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کملا ہیرس کی نام نہاد پاور پلانٹس بند کرنے کی پالیسی ختم کردوں گا۔ صدر منتخب ہوا تو امریکی اسٹیل ملز کی نجکاری روک دوں گا۔ ڈیموکریٹس نے بائیڈن کی جگہ ہیرس کو صدارتی امیدوار نامزد کرکے امریکا میں بغاوت کی۔ بائیڈن کے بجائے کملاہیرس کو ہرانا میرے لیے آسان ہے۔

جوبائیڈن اندرون اور بیرون ملک جمہوریت کے چیمپئن رہے، ہلیری کلنٹن

امریکا کی سابق خاتون اوّل ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ بائیڈن اندرون اور بیرون ملک جمہوریت کے چیمپئن رہے۔

ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن شکاگو میں خطاب کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ صدر بائیڈن وقار، شائستگی اور قابلیت کو وائٹ ہاؤس میں واپس لائے اور بتایا کہ حقیقی محب وطن ہونے کا کیا مطلب ہے۔

مزید پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ مدمقابل کملا ہیرس سے خوفزدہ، مباحثے سے راہ فرار اختیار کرلی

انہوں نے کہا کہ امریکا میں ایک نئے باب کا آغاز ہونے جا رہا ہے، ہم اپنی آزادی اور ترقی کے لیے لڑیں گے، ہم پھر اپنے ملک کے مستقبل کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن میں امریکا بھر سے ڈیلی گیٹس اور اہم پارٹی رہنما شریک ہیں۔

صدارتی امیدوار کی دوڑ سے ان کی اچانک دستبرداری اور کملا ہیریس کے سامنے آنے کے ایک ماہ سے بھی کم وقت کے بعد ڈیموکریٹس صدر کو ان کے طویل عرصے تک سیاست میں گزارنے کے لیے خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔ یہ وہی عہدیدار ہیں جنہوں نے ان کی صحت کی حالت اور عمر کے بارے میں خدشات کے درمیان انہیں اس دوڑ سے باہر نکالنے میں کردار ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکا میں صدارتی الیکشن کے لیے انتخابی مہم میں تیزی آگئی ہے، رواں سال نومبر میں 4 سالہ مدت کے لیے صدارتی الیکشن ہوگا جس میں ڈیموکریٹ کی جانب سے کملا ہیرس اور ری پبلیکننز کی جانب سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ مضبوط امیدوار ہیں اور اس حوالے سے دونوں کے درمیان سیاسی چپقلش انتہا کو پہنچ چکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp