کراچی: کارساز روڈ پر خوفناک حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی

منگل 20 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں گزشتہ روز کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار باپ بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس خوفناک حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک موٹرسائیکل پر سوار باپ بیٹی کو سڑک سے گزرتے ہوئے جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اسی سڑک پر ایک سفید رنگ کی تیزرفتار پراڈو کو آتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کئی افراد کو کچلنے والی خاتون کس کاروباری شخصیت کی بیٹی ہیں؟

کار سوار خاتون نے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو پیچھے سے ٹکر ماری اور ٹکر مارنے کے بعد بھی  گاڑی  نہ روکی۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی کی موٹرسائیکل کو ٹکر اس قدر شدید تھی کہ موٹرسائیکل سوار شخص ہوا میں قلابازی کھاتے ہوئے دوبارہ اس تیزرفتار گاڑی سے ٹکرایا اور گاڑی روندتے ہوئے اسے آگے بڑھتی رہی۔

اس حوالے سے ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمہ نتاشا کی واضح غفلت سامنے آئی ہے، ملزمہ کے حاصل کردہ نمونوں کی رپورٹ کا انتظار ہے، واقعہ کی مزید سی سی ٹی وی ویڈیوزبھی حاصل کررہے ہیں۔

ملزمہ کے خلاف مقدمہ میں دیت کی دفعات بھی شامل ہیں، ڈی آئی جی

انہوں نے بتایا کہ ملزمہ نے پہلے موٹرسائیکل کو پیچھے سے ٹکر ماری اور انہیں روندتے ہوئے بھاگنے کی کوشش کی، ملزمہ نے چلتی ہوئی موٹرسائیکل کے بعد گاڑی کو ٹکر ماری، ملزمہ کو موقع پر شہریوں نے پکڑ لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’انہیں ذہنی طور پر معذور قرار دے کر بچالیا جائے گا‘، کراچی حادثے میں ملوث خاتون سے متعلق لوگ کیا کہتے ہیں؟

ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمہ کے خلاف شفاف تحقیقات کی جارہی ہیں، واقعہ سے متعلق سوشل میڈیا پر پولیس کی کردارکشی کی جارہی ہے، ملزمہ  کا ڈرائیونگ لائسنس نہیں بنا ہوا، اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ ملزمہ کے پاس غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس ہے، غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس پاکستان میں قابل قبول نہیں، واقعہ کے مقدمہ میں دیت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ ریسکیو حکام کے مطابق، گاڑی خاتون سے بے قابو ہوکر دیگر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 26 سالہ لڑکی اور 60 سالہ مرد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کی کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی سے جاں بحق باپ بیٹی کون تھے؟

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار کی شناخت 60 سالہ عمران عارف کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ان کے ساتھ موٹر سائیکل پر ان کی بیٹی 26 برس کی آمنہ تھی، جو اپنے گھر واپس جارہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے تفتیش کو تیز کردیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp