سندھ میں اغوا برائے تاوان سمیت دیگر جرائم دن بدن بڑھتے چلے جارہے ہیں، ایک طرف کچے کے ڈاکوؤں نے حکومت کی ناک میں دم کر رکھا ہے، تو دوسری جانب جرائم پیشہ عناصر سے کراچی سمیت کوئی بھی شہر محفوظ نہیں۔
ایسی ہی ایک خبر آج سامنے آئی ہے کہ اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ سکھر اسحاق رند کے 20 سالہ بیٹے کو اغوا کرلیا گیا ہے، ڈاکوؤں نے مغوی کی ٹانگ میں گولی مار کر زخمی نوجوان کی ویڈیو وائرل کردی، اور 2 کروڑ روپے تاوان طلب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں کراچی: اغوا برائے تاوان و قتل کے 4 ملزمان کو پھانسی کی سزا
میرے بیٹے پر تشدد کی ویڈیوز وائرل کی جارہی ہے، اسحاق رند
اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ سکھر اسحاق رند کے مطابق ڈاکوؤں نے ان کے بیٹے کو تاوان کے لیے زخمی کردیا ہے اور اغوا کے فوری بعد مغوی جمیل رند پر تشدد کی فوٹیج وائرل کی تھی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکو خوفزدہ کرنے اور تاوان کی طلبی کے لیے مسلسل تشدد زدہ ویڈیوز وائرل کررہے ہیں۔
اسحاق رند نے کہاکہ میرے بیٹے کو 10 اگست کی رات شاہ لطیف یونیورسٹی کے قریب سے اغوا کیا گیا ہے، ڈاکوؤں نے بیٹے جمیل کی بازیابی کے لیے 2 کروڑ روپے تاوان طلب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں اغوا برائے تاوان کیس: عمرقید پانے والا کم عمر شہری 15 سال بعد بری
لڑکے کی جلد بازیابی کی امید ہے، ایس ایس پی سمیع اللہ
ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو کے مطابق پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کررکھی ہے، لڑکے کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں اور جلد بازیابی کی امید ہے۔