پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے این او سی منسوخ ہونے کے باوجود کل اسلام آباد میں ہر صورت جلسہ کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں کل ضرور جلسہ کریں گے جو پرامن ہوگا۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جلسے کا این او سی منسوخ کرنے پر اپنے ردعمل میں بیرسٹر گوہر نے کہاکہ اسلام آباد جلسہ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت دیگر مرکزی قیادت شریک ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں تحریک انصاف کو کل اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ
انہوں نے کہاکہ اگر عدالت نے احکامات جاری کیے ہیں تو پھر انتظامیہ کی جانب سے این او سی منسوخ نہیں کیا جاسکتا، ہم ریڈزون سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر جلسہ کررہے ہیں، اور دھرنے کا کوئی پروگرام نہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہم نے چیف کمشنر کو بروقت جلسہ شروع کرکے بروقت ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اس کے باوجود جلسے کا این او سی منسوخ کرنا غیرآئینی اور غیرقانونی اقدام ہے۔
انہوں نے کہاکہ مذہبی جماعت نے ڈی چوک میں صبح 8 بجے احتجاج کی کال دی ہے، جبکہ ہمارا جلسہ شام 5 بجے شیڈول ہے۔
خیبرپختونخوا کے قافلے کو میں خود لیڈ کروں گا، علی امین گنڈاپور
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہاکہ کل اسلام آباد میں ہر صورت جلسہ ہو گا، خیبر پختونخوا کا قافلہ کل 3 بجے صوابی سے روانہ ہو گا، جسے میں خود لیڈ کروں گا۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ہم ان کو بتائیں گے کہ اگر یہ عدالتوں کو نہیں مانتے تو کل کا دن ثابت کرے گا کہ طاقت عوام کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کل فیصلہ کن مرحلہ ہے، فیصلہ ہوجائے گا کہ اس قوم کی طرف سے کہ کون عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، حق کے لیے کھڑا ہے، اپنے آئین کے لیے کھڑا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں صوابی سے قافلے کو لیڈ کروں گا، ہم ڈنکے کی چوٹ پر یہ جلسہ کر کے دکھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا جلسہ: کرین تیار، علی امین گنڈا پور خود قافلوں کو لیڈ کریں گے
واضح رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو کل کے جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کردیا ہے، اور موقف اختیار کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم اسلام آباد میں موجود ہے، اس کے علاوہ مذہبی جماعتوں کا احتجاج بھی شیڈول ہے، اس لیے جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔