سوال پوچھنے پر تھائی لینڈ کے سابق آرمی چیف کی خاتون رپورٹر پر تھپڑوں کی بوچھاڑ

بدھ 21 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تھائی لینڈ کے ایک بااثر سیاست دان نے ایک سوال پر چراغ پا ہوکر خاتون رپورٹر کو تھپڑوں کی بارش کردی جس پر ان کے خلاف انکوائری کا آغاز کردیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 79 سالہ رکن پارلیمنٹ اور سابق آرمی چیف پراویت وونگ سوون نے خاتون کو کئی بار مارا جب وہ دیگر صحافیوں کے گھیرے میں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ اسٹار، جن کو ساتھی اداکار نے سرعام تھپڑ مارے

اس حوالے سے تھائی سینیٹر تیواریت مانیچائی نے کہا کہ یہ حرکت جسمانی طور پر ہراساں کرنے کے زمرے میں آتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمل ایک صحافی کی بھی بے عزتی ہے جو اپنا کام کر رہی تھیں۔ سینیٹر نے بتایا کہ انہوں نے پراویت وونگ کے طرز عمل کی پارلیمانی تحقیقات کی درخواست کردی ہے۔

یہ واقعہ 16 اگست کو فیو تھائی پارٹی کے پیتونگٹرن شیناواترا کی وزیر اعظم بننے کے لیے پارلیمنٹ میں ووٹ حاصل کرنے کے چند لمحوں بعد پیش آیا تھا۔

37 سالہ محترمہ پیٹونگٹرن تھائی لینڈ کی اب تک کی سب سے کم عمر وزیر اعظم ہوں گی اور ارب پتی شیناواترا خاندان سے تیسری ہوں گی۔ تھپڑ مارنے والے پراویت وونگ کو اس خاندان سے تلخ تجربات ہوئے ہیں۔

کیا پوچھ رہی ہو؟

پراویت پالنگ پرچارت پارٹی کے قائد ہیں اور وہ ووٹ میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ خاتون ٹی وی صحافی نے مخالف کی جیت پر ان کے تاثرات دریافت کیے تھے جس کا اظہار انہوں نے غالباً تھپڑ کی صورت میں کرنا مناسب سمجھا۔

سیاست دان اور سابق آرمی چیف نے یہ کہتے ہوئے کہ ’کیا پوچھ رہی ہو، کیا پوچھ رہی ہو‘ رپورٹر کے سر کو تختہ مشق بنالیا اور کئی بار تھپڑ مارا۔ گو کہ وہ تھپڑ کوئی بہت زیادہ زوردار نہیں تھے لیکن بہرحال صحافی کی بے عزتی کرنے پر اب سیاستدان کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑسکتا ہے۔

مزید پڑھیے: 5 لاکھ سال پہلے کا انسان کتنا ذہین تھا؟ حیران کن حقائق سامنے آگئے

پالنگ پرچارت پارٹی کے ترجمان پیا تاویچائی نے کہا کہ پراویت رپورٹر کو اچھی طرح جانتے ہیں اور انہوں نے معذرت کر لی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کسی بھی پارلیمانی کارروائی میں حقائق کو واضح کریں گے۔

پراویت فوجی ہیں ان کی چھیڑچھاڑ ایسی ہی ہوتی ہے‘

ترجمان نے کہا کہ پراویت وونگ اس رپورٹر کو اچھی طرح جانتے ہیں اور اسے تھوڑا تنگ کر رہے تھے لیکن چوں کہ وہ ایک فوجی ہیں اس لیے ان کی چھیڑچھاڑ کچھ ایسی ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پراویت وونگ کے قریبی لوگ جانتے ہیں کہ وہ اس طرح ہلکی پھلکی چھیڑ چھاڑ کرتے رہتے ہیں۔

 

اس واقعے کی تھائی لینڈ کی میڈیا کمیونٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی۔ ملک کے پبلک براڈکاسٹر تھائی پی بی ایس نے پراویت سے کہا کہ وہ اپنے اعمال کی ذمہ داری لیں۔

پراویت ایک سیاسی ڈیل میکر اور تھائی لینڈ کی 2 دہائیوں سے جاری سیاسی کشمکش میں مرکزی شخصیت ہیں۔ وہ سنہ 2014 کی بغاوت جس میں انہوں نے حصہ لیا تھا کے بعد 9 سال تک نائب وزیر اعظم رہے تھے۔

مزید پڑھیں: ایسا ریسٹورنٹ جہاں کھانے سے پہلے تھپڑ کھانے کو ملتا ہے

سینیٹر تیواریت نے کہا کہ انہوں نے سینیٹ کے ذریعے پراویت کو جواب دینے کے لیے 30 دن کا وقت دیا جائے گا تاہم انہیں نہیں لگتا کہ پراویت قصوروار پائے گئے تو انہیں کسی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp