حکومت اور ادارے اپنی اصلاح کرلیں، 8 ستمبر کو اسلام آباد آرہے ہیں، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور

جمعرات 22 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ تمام اداروں، عدالتوں اور اس حکومت کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ عمران خان تصادم نہ چاہنے والا لیڈر ہے، آپ لوگ اپنی اصلاح کریں، ہم 8 ستمبر کو اسلام آباد آرہے ہیں۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران کی ہدایت پر آج اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر ہونے والا آج کا جلسہ منسوخ کیا ہے، یہ جلسہ اب 8 ستمبر کوہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی جلسہ: ریڈ زون سیل، ’آج نکلنا ہوگا‘، عمران خان

انہوں نے کہا کہ جلسے کی نئے تاریخ اس حکومت نے دی ہے جو بار بار عدالتی احکامات کو رد کرہی تھی، لیکن اب جلسے کے لیے 8 ستمبر کی تاریخ کا نوٹیفیکیشن آچکا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تمام اداروں، عدالتوں اور حکومت کو کہتا ہوں کہ عمران خان وہ لیڈر ہے جس نے آج پھر ثابت کیا ہے کہ وہ قانون و آئین کے مطابق ایک پرامن، پاکستان اور اس کے عوام سے محبت کرنے والا اور تصادم نہ چاہنے والا لیڈر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا جلسہ: کرین تیار، علی امین گنڈا پور خود قافلوں کو لیڈ کریں گے

انہوں نے کہا کہ آپ لوگ بھی اپنی اصلاح کریں، اس ملک میں آئین کی پاسداری، قانون پر عملدرآمد اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ آپ پر فرض ہے، عمران خان نے ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے لیے نہیں بلکہ اس ملک اور اس کی عوام کے لیے سوچتا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان کا حکم ہے تو جلسہ لازمی ہوگا، ہم نے ان کا حکم ماننا ہے، اب جلسہ 8 ستمبر کو ہوگا، ملک میں حقیقی آزادی کے لیے ہماری تحریک عمران خان کے حکم کے مطابق جاری رہے گی اور ہم دنیا کو ثابت کریں گے کہ عمران خان ہی وہ لیڈر ہے جو پاکستان کی بات کرتا ہے۔

جلسہ انتشار سے بچنے کے لیے ملتوی کیا، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے  مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ منسوخ نہیں بلکہ ملتوی کیا ہے، 8 ستمبر کو عظیم الشان جلسہ منعقد ہوگا، کارکن تیاری جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا جلسہ کسی بھی انتشار سے بچنے کے لیے ملتوی کیا گیا ہے، انتشار کی سیاست نااہل ٹولے کا شعار ہے، پی ٹی آئی کا نہیں، عمران خان عوام کے بہتر مفاد اور ترقی کی سیاست کرتا ہے، 8 ستمبر کو مینڈیٹ چوروں کا حساب ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا جلسہ پھر ملتوی، ’ہر بار جلسہ منسوخ کرکے یہ عوام کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟‘

بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ جلسہ کرنا پی ٹی آئی کا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے، مینڈیٹ چور سرکار عوام کے دلوں سے عمران خان کو نہیں نکال سکتی، عمران خان عوام کے دلوں میں رچ بس چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نااہل ٹولہ اوچھے ہتھکنڈوں سے عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتا، مینڈیٹ چور سرکار نے بغض عمران میں ملک کو بنانا ریپبلک بنایا دیا ہے، شریف خاندان آئین وقانون کو روند رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp