اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت کو گرفتار کرلیا، تاہم وفاقی پولیس نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما کو گرفتاری یا حراست میں نہیں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق، شیر افضل مروت کو ترنول جلسہ گاہ کے قریب روکا گیا، انہیں گرفتار یا حراست میں نہیں لیا گیا۔ بعض میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے شیر افضل مروت کے علاوہ ترنول جلسہ گاہ پہنچنے والے 16 پی ٹی آئی کارکنان کو بھی حراست میں لیا ہے۔
شیر افضل مروت کے ایکس اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے اہلکار ایک گاڑی کے گرد جمع ہیں اور ایک شخص شیر افضل مروت کو اس گاڑی میں بیٹھنے کی ہدایات کرتا دکھائی دے رہا ہے۔
شیر افضل خان مروت کو گولڑہ تھانے اریسٹ کر کر پولیس کی بھاری نفری لے گئی ہے ان کی کسی نے مقبری کروائی ہے ورکر سے استدا ہے کہ گولڑہ تھانے پہنچے pic.twitter.com/Q1ngCZHaBr
— Sher Afzal Khan Marwat (@sherafzalmarwat) August 22, 2024
مذکورہ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل خان مروت کو گولڑہ تھانے کی پولیس گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئی ہے۔ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل مروت کی کسی نے مخبری کرائی ہے۔ پوسٹ میں پی ٹی آئی ورکرز سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ گولڑہ تھانے پہنچیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر تحریک انصاف کا آج ہونے والا جلسہ ملتوی ہوچکا ہے جبکہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے۔