اگلے 10 سالوں میں پاکستان کا نام جی20 ممالک میں ہوگا، وزیر اطلاعات عطا تارڑ

جمعرات 22 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان اگلے 10سالوں میں جی20 ممالک کی فہرست میں ہوگا، ہم ’2030 میں جی20‘ کا سلوگن لے کر چل رہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں اتنی صلاحیت ہے کہ ہر شعبے میں اپنے آپ کو منوا سکتے ہیں۔ یہ ملک بھی نوجوانوں نے ہی بنایا تھا اور نوجوان ہی اس کو بچائیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 لاکھ افراد کی قربانیوں کی وجہ سے یہ ملک بنا ہے، یہ ملک جب بنا تھا تو تاریخ میں اگر آپ دیکھیں تو برصغیر 2 بڑی جدوجہد دیکھی گئیں، دونوں نوجوانوں نے ہی شروع کی تھیں،

’بٹ کر رہے گا ہندوستان، بن کر رہے گا پاکستان‘۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کی اس تحریک میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ تھی، اسی لیے میں کہتا ہوں کہ نوجوانوں نے یہ ملک بنایا تھا اور وہی اس ملک کو بچائیں گے۔ ہجرت کی بات اس لیے کررہا ہوں کہ یاد دہانی رہے اور کوئی بھولے نہ، کہ اس ملک کے بننے میں بے تحاشا قربانیاں دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: جشن آزادی کے موقع پر نئی ویزا پالیسی کا اعلان، 126 ممالک کے لیے ویزا فیس ختم، عطا تارڑ

انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کی دوسری سب سے بڑی ہجرت تھی، یہ ملک لیلۃ القدر کی رات وجود میں آیا ہے، جو مبارک رات چنی گئی اس ملک کو آزادی دینے کے لیے، یہ اس بات کی دلیل ہے کہ یہ ملک تا قیامت قائم رہے گا اور ترقی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں میں 2 خصوصیات ہیں جو کہیں نہیں ملتیں پہلی یہ کہ ہر مشکل گھڑی میں مزاحمت کرتے ہیں اور متحد ہو کر کسی بھی آفت کا مقابلہ کرتے ہیں۔ دوسرا یہ کہ سب سے زیادہ صدقہ و خیرات پاکستانی کرتے ہیں جوکہ پوری دنیا میں کوئی نہیں کرتا۔

عطا تارڑ نے نوجوانوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ ہمارے نوجوان جس چیز کا تہیہ کرلیں تو کوئی چیز انہیں نہیں روک سکتی، اس کی مثال ارشد ندیم ہے جو کہ متوسط طبقے سے تعلق رکھتا ہے اور بغیر جوتوں اور درخت کی ٹہنی سے جیولین بنا کر اپنے خواب کی تکمیل شروع کرتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کے ایک میڈل لینے سے ہم اپنے تمام غم اور دکھ بھول گئے۔ 2024 میں اس نے جیولین کی ایسی تھرو کی کہ پاکستان کا جھنڈا باقی جھنڈوں سے اوپر چلا گیا ہے۔

’جب میں نے پنجاب حکومت میں ذمہ داریاں نبھانا شروع کیں، تو ہمارے وزیر اعظم نے پہلی بار لیپ ٹاپ اسکیم متعارف کرائی، لوگوں نے اس پر سوال اٹھائے اور اسے غلط کام قرار دیا‘۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں پہلے ہر چیز پر ’نہ‘ ہوتی ہے، ہم ہر بات نہ سے شروع کرتے ہیں، ہم نے مایوسی کا مقابلہ کرنا ہے، اس ملک میں بہت امید ہے، اسے جگانے کی دیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نفرت پھیلانے والوں کے راستے کی دیوار بنیں گے، وزیر اطلاعات عطا تارڑ

انہوں نے کہا کہ اسی لیپ ٹاپ کی بدولت کورونا وبا کے دوران نوجوانوں نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا۔ پچھلے 4ماہ کے اندر ہماری آئی ٹی ایکسپورٹس میں 3گنا اضافہ ہوا، پاکستان میں نوجوان آئی ٹی ایکسپرٹس آگے بڑھ رہے ہیں۔

’نوجوانوں نے بہت سارا کام اپنے بل بوتے پر کیا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ترقی کا انحصار نوجوانوں پر ہے، حکومت کے اگر دن میں 15 اجلاس ہوتے ہیں تو 5صرف نوجوانوں سے متعلق ہوتے ہیں، آئی ٹی، زراعت، تعلیم، سپورٹس کے شعبوں میں ترجیحات کو درست کرتے ہوئے نوجوانوں کو مواقع فراہم کریں گے۔ ہم آنے والی نسلوں کے لیے بہتر پاکستان چھوڑیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp