رضوان شیخ نے امریکا میں پاکستان کے سفیر کا عہدہ سنبھال لیا

جمعرات 22 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں پاکستان کے نامزد سفیر رضوان سعید شیخ نے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں، انہوں نے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات کو مضبوط بنانا، معاشی تعلقات کو مضبوط بنانا اور عوامی رابطوں کو فروغ دینا ان کی اولین ترجیحات ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں:رضوان سعید شیخ امریکا میں پاکستان کے نئے سفیر تعینات، دفتر خارجہ

مشن افسران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔

پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ کمیونٹی پاک امریکا تعلقات میں مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے اپنی بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد اور واشنگٹن کے تعلقات آج کئی برسوں کی بہترین پوزیشن پر ہیں، امریکا

اس سے قبل واشنگٹن پہنچنے پر امریکی محکمہ خارجہ اور پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا میں پاکستان کی جانب سے سفارت کاری کے فرائض سردار مسعود خان سرانجام دے رہے تھے جو 29کو اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو گئے تھے۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان کے اعزاز میں دیے گئے الوداعی عشائیہ کے موقع پر امریکا کی پرنسپل نائب معاون وزیر خارجہ ایلزبتھ ہورسٹ نے کہا  تھا کہ امریکا کے دفتر خارجہ کی جانب سے یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کئی سالوں کی نسبت اس وقت بہترین مقام پر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp