پاکستانیوں کے لیے خوشخبری! برطانیہ کا ای ویزا سسٹم متعارف کروانے کا اعلان

جمعہ 23 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانیہ نے نئے بائیو میٹرک کسٹمرز کے لیے ای ویزا سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے، برطانوی ہائی کمیشن نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی امیگریشن سسٹم جلد ڈیجٹل کردیا جائے گا۔ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ میں بائیو میٹرک ریزیڈینسی پرمٹس اسٹیکرز ضروری نہیں ہوں گے۔

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نئے برطانوی امیگریشن سسٹم کے تحت دستاویزات کو آن لائن سسٹم میں تبدیل کیا جائے گا۔ برطانیہ میں 6 ماہ سے زائد عرصہ قیام کے ویزا پر آن لائن اکاؤنٹ لازمی ہوگا۔ بطور سیاح 6 ماہ سے کم مدت کے دورانیے پر آن لائن اکاؤنٹ لازم نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیں: برطانیہ نے مسلم ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان کردیا

برطانوی ہائی کمشنر جین میرٹ نے کہا کہ ہم پاکستانیوں کے لیے برطانیہ کا سفر آسان بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ ویزا کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد اسے مزید آسان اور محفوظ بنائے گی۔ برطانیہ نے اپنے ایمیگریشن نظام کو ڈیجیٹل نظام میں تبدیل کرنا شروع کردیا ہے۔

جین میرٹ کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے عملی دستاویزات کو آن لائن امیگریشن اسٹیٹس سے تبدیل کرنا شروع کردیا ہے، برطانیہ نے ای ویزوں کو نئے بائیو میٹرک صارفین تک توسیع دے دی ہے۔ آن لائن ایمیگریشن اسٹیٹس کے بعد بایومیٹرک رہائشی اجازت نامے، پاسپورٹ میں ویگنیٹ اسٹیکرز یا گیلی سیاہی کے ڈاک ٹکٹ کی مزید ضرورت نہیں ہوگی۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق یہ عمل مفت، محفوظ اور سیدھا ہے، اکاؤنٹ بنانے کے طریقہ سمیت مزید معلومات برطانوی ہائی کمشن کی ویب سائٹ gov.uk/eVisa پر حاصل کی جا سکتی ہیں۔

’ای ویزا میں کسی فزیکل دستاویز کو اپ ڈیٹ کرنے سے آپ کی امیگریشن کی حیثیت یا برطانیہ میں داخل ہونے یا رہنے کی آپ کی اجازت کی شرائط پر کوئی اثر نہیں پڑتا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ جانے والے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بری خبر، نئی شرائط کیا ہیں؟

انہوں نے کہا کہ برطانیہ پہنچنے پر آپ کو اب بھی بی آر پی جمع کرنے کی ضرورت ہوگی، تمام بی آر پی کارڈ 31 دسمبر 2024 تک کارآمد ہیں، لیکن آپ کے بی آر پی کارڈ کی میعاد ختم ہونے سے آپ کی امیگریشن کی حیثیت متاثر نہیں ہوتی ہے۔

مزید معلومات درج ذیل ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ www.gov.uk/guidance/online-immigration-status-evisa

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp