بھارتی بلے باز شیکھر دھون نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی کیا وجہ بتائی؟

ہفتہ 24 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے اس سفر کو الوداع کہنے پر دل میں ایک سکون ہے کہ اپنے ملک کے لیے بہت کھیلا۔

سوشل میڈیا پر شیکھر دھون نے کہا کہ میں بی سی سی آئی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے موقع دیا، میں خود سے یہ کہتا ہوں کہ اس بات سے دکھی مت ہو کہ ملک کے لیے دوبارہ نہیں کھیلوں گا۔ بلکہ میں اس بات پر خوش ہوں کہ اپنے ملک کے لیے کھیلا ہوں اور یہ میرے لیے سب سے بڑی بات ہے کہ میں کھیلا۔

شیکھر نے کہا کہ میں آج ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہوں جہاں پیچھے دیکھنے پر صرف یادیں اور آگے دیکھنے پر پوری دنیا ہے۔ میری ہمیشہ سے ایک ہی منزل تھی کہ انڈیا کے لیے کھیلنا اور وہ ہوا بھی۔

مزید پڑھیں:’پاکستان کیطرف سے کھیلنے کا اب کوئی ارادہ نہیں‘، کیا شعیب ملک نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا؟

2013 میں مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں ہندوستان کی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیت کا حصہ رہنے والے شیکھر دھون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جذباتی ویڈیو میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ 38 سالہ بلے باز نے آخری بار دسمبر 2022 میں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔

شیکھر دھون نے کہا کہ جب میں اپنے کرکٹ کے سفر کے اس باب کا اختتام کر رہا ہوں تو میں اپنے ساتھ ان گنت یادیں اور شکر گزاری لے کر جا رہا ہوں۔ محبت اور حمایت کے لیے آپ کا شکریہ۔ دھون نے ویڈیو کے کیپشن میں اپنے تمام کوچز، مداحوں، دوستوں، اہل خانہ اور بی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہندوستان کے لیے کھیلنے کا خواب پورا کیا۔

مزید پڑھیں:مشہور ریسلر جان سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

دھون نے 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کے لیے ڈیبیو کیا تھا اور خود کو عالمی کرکٹ کے تباہ کن اوپنرز میں سے ایک کے طور پر منوایا تھا۔ 2013 میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہچان بنانے سے پہلے ٹی20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔ دھون نے اپنے پورے کیریئر میں 34 ٹیسٹ، 167 ون ڈے اور 68 ٹی20 انٹرنیشنل میچ کھیلے اور بالترتیب 2315، 6793، 1759 رنز بنائے۔

شیکھر دھون نے 2013 کی چیمپئنز ٹرافی، 2015 کے ون ڈے ورلڈ کپ، 2017 کی چیمپئنز ٹرافی اور 2018 میں ایشیا کپ میں ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔

مزید پڑھیں:روہت شرما اور اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کا ٹی20 انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

انہوں نے کہا کہ زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے پیج پلٹنا ضروری ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں۔ میں اپنے دل میں سکون کے ساتھ جا رہا ہوں کہ میں نے ہندوستان کے لیے طویل مدت کے لیے کھیلا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp