حکومتِ پنجاب نے ’اپنی گاڑی، اپنی پہچان، اپنی نمبر پلیٹ‘ اسکیم کا اجرا کر دیا ہے جس کے تحت اب کوئی بھی اپنی مرضی کے ہندوسوں، اپنے کسی پیارے کے نام، اپنی کمپنی کے نام کے ایلفابیٹس پر مشتمل نمبر پلیٹ لگوا سکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ڈاٹ کام‘ پر حکومتِ پنجاب کے آفیشل اکاؤنٹ پر ایک اشتہار جاری کیا گیا ہے، جس میں حکومتِ پنجاب نے پہلی بار گاڑی کی نمبر پلیٹس کے اجرا کا انقلابی قدم اٹھایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں پہلی بار گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی نیلامی، ’1 نمبر‘ پلیٹ کتنے میں نیلام ہوئی؟
سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے اشتہار میں کہا گیا ہے کہ پنجاب گورنمنٹ سے منظور شدہ اور پروونشل موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کے تحت، باقاعدہ لائسنس کے ساتھ آپ اپنی نمبر پلیٹ میں کوئی پیغام دیں، کسی شخصیت یا مقصد سے منسلک کریں یا کوئی اور جدید انداز اپنائیں اور اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ کو اپنی پہچان بنائیں۔
’اپنی گاڑی، اپنی پہچان، اپنی نمبر پلیٹ‘ اور ’حکومت پنجاب کا انقلابی اقدام اب لگوائیں اپنی مرضی کی نمبر پلیٹ‘ کے عنوان سے جاری اشتہار میں 3 طرح کی کیٹیگریز درج کی گئی ہیں۔
پہلی کٹیگری کو پلاٹینیئم کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت آپ اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر زیادہ سے زیادہ 8 الفاظ درج کروا سکتے ہیں اس کے لیے آپ اپنی مرضی سے اپنا نام، اپنے بیٹے یا بیٹی یا کسی بھی پیارے کا نام لکھوا سکتے ہیں جیسا کہ ’لفظ SARAH ہے۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور نمبر پلیٹس کے حوالے سے قواعد میں بڑی تبدیلی
دوسری کٹیگری کو کارپوریٹ کا نام دیا گیا ہے، جس میں آپ اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر اپنی کمپنی کا نام درج کروا سکتے ہیں’ جیسا کہ Lumaran وغیرہ، اس میں الفاظ کی تعداد کی کوئی قید نہیں رکھی گئی۔
تیسری ’گولڈ کیٹیگری ‘ میں آپ اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر اپنے یا اپنے کسی پیارے کے نام کے ساتھ ہندسے بھی لکھوا سکیں گے، اس کے لیے شرط یہ ہے کہ آپ کی گاڑی کے پسندیدہ نمبر میں 3 ایلفا بیٹس ہونے چاہیں اور 3 ہی ہندسے ہونے چاہییں، جیسا کہ ALI123 وغیرہ۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم کے لیے اسپیشل نمبر کی گاڑی کا تحفہ، ’اس پر فارم 47 لکھا ہوتا تو مزہ دوبالا ہوجاتا‘
حکومت پنجاب نے اشتہار میں مزید معلومات کے لیے ایکسائز پنجاب سے رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔