وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کے پری پیڈ میٹرز کا منصوبہ زیر غور ہے، جیسے فون میں پری پیڈ سسٹم ہوتا ہے، بالکل اسی طرح بجلی کا میٹر بھی ملنا چاہیے۔
ملتان میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ ریلیف کو عام آدمی تک پہنچایا جائے گا، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور بات چیت کر رہے ہیں، 45 ارب کا ریلیف ہرصارف تک پہنچایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: بجلی چوروں کیخلاف ملک گیر کریک ڈاؤن، سینکڑوں گرفتار، ڈیڑہ ہزار سے زیادہ مقدمات درج
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ کیپسٹی پیمنٹ روپے کی قدر کم ہونے سے دگنی ہوگئی ہے، ایک سال میں بجلی کی قیمتیں کافی حد تک کم ہوجائیں گی۔ بجلی صارفین کو سہولتیں دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں، بجلی چوری کم کرنے کے لیے بھی اقدامات کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ایک سے ڈیڑھ ہفتے میں سندھ اور بلوچستان کی کمپنیز کا دورہ ہوگا۔ کوشش ہے کہ بجلی چوری سے ہونے والا نقصان گزشتہ سال کی نسبت کم ہوں، بجلی چوری کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پاور سیکٹرکو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھی کوششیں کررہے ہیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ شعبہ توانائی میں اصلاحات لا رہے ہیں، وزارت توانائی کی ہیلپ لائن پرصارفین کی شکایات کا جلد ازالہ کیا جائے گا، کوشش کررہے ہیں اس سال بجلی چوری سے نقصان کم ہو۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے دیا گیا ریلیف عوام تک پہنچائیں گے، پنجاب حکومت نے فی یونٹ بجلی میں عوام کو 14روپے کا ریلیف دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب نے اپنے وسائل سے عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دیا، دوسرے صوبے بھی بسم اللہ کریں، وزیراعظم
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ چین نے آئی پی پیز سے حکومت کے ذریعے بات چیت کاعمل شروع کردیا ہے، آئی پی پیز، ٹرانسمیشن لائنز اور ڈسکوزپر کام کررہے ہیں۔ ہم گڈ گورننس ہی کرنے آئے ہیں،عوام کو سہولتیں دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میری وزارت میں کسی کی کوئی سفارش قابل قبول نہیں، گزشتہ 3ماہ میں جو کام کیے وہ 75سال میں نہیں ہوئے، شرح سود کم اور روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے۔