وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے انکشاف کیا ہے کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے جولائی 2024 میں قریباً 3 ہزار نئی کمپنیاں رجسٹر کی ہیں۔ جن میں سے 86 کمپنیوں میں فارن انوسٹمینٹ کی گئی ہے۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) سے جاری اعلامیے کے مطابق رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ایس۔ ای۔ سی۔پی میں ریکارڈ تعداد میں کمپنیاں رجسٹر ہونا معیشت میں بہتری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی انتھک محنت کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔
مزید پڑھیں:بین الاقوامی کمپنیاں کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی کے تحت اپنا بھرپور کردار ادا کریں، وزیراعظم
وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین نے مزید کہا کہ غیر ملکی انویسٹمینٹ پاکستان کی اکانومی میں اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔ پاکستان کی اکانومی ان شا اللہ جلد مستحکم ہوجائے گی۔
2024 کی پہلی ششماہی میں 3 ہزار 9 سو 68 نئی پاکستانی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، دبئی چیمبر آف کامرس
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں دبئی چیمبر آف کامرس کے بتایا تھا کہ 2024 کی پہلی ششماہی میں 7 ہزار 860 ہندوستانی کمپنیاں اور 3 ہزار 9 سو 68 نئی پاکستانی کمپنیاں دبئی میں رجسٹرڈ ہوئیں۔ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 4 ہزار 18 پاکستانی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئی تھیں۔
مزید پڑھیں:کار کمپنیاں پاکستان میں گاڑیاں بنانے سے گریز کیوں کرتی ہیں؟
دبئی چیمبر میں کمپنی کی رجسٹریشن میں اضافہ صرف پاکستان اور بھارت تک محدود نہیں، نئی کمپنیوں کی مجموعی تعداد میں سالانہ 5 فیصد کا اضافہ ہوا، 2024 کی پہلی ششماہی میں 34 ہزار 75 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔
دبئی میں کاروبار میں آسانی ( Ease of Business ) کا انڈیکس دنیا بھر میں ٹاپ 16 ممالک میں آتا ہے جبکہ بھارت کا کاوباری آسانی انڈیکس میں نمبر 63 ہے۔