مونس الٰہی اینٹی منی لانڈرنگ کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی، عدالتی احکامات پر مونس الٰہی کا شناختی کارڈ بلاک کردیا گیا اور پاسپورٹ بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا۔ مونس الٰہی کے ساتھ 6 اور ملزمان کا شناختی کارڈ بھی بلاک کردیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے لاہور کے مطابق عدالتی احکامات پر ملزمان کا شناختی کارڈ اینٹی منی لانڈرنگ سرکل لاہور میں ایف آئی آر نمبر 16/2023 میں بلاک کیا گیا ہے، اور پاسپورٹ بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: مونس الٰہی کیخلاف ایف آئی اے کی اپیل سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر
ترجمان کے مطابق جن دیگر ملزمان کا شناختی کارڈ، اینٹی منی لانڈرنگ کیس میں بلاک کیا گیا ہے ان میں عامر سہیل، عمیر فیاض، امتیاز علی شاہ، فرصت علی اور عابد علی خان شامل ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور سرفراز خان ورک نے کہا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ عدالت ان ملزمان کے خلاف جو بھی احکامات دے گی ان پر عمل درآمد ہوگا۔
اس سے قبل نومبر 2023 میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو منی لانڈرنگ کیس میں مطلوب چوہدری مونس الٰہی کے مختلف بینک اکاؤنٹس اور جائیدادیں منجمد کردی گئی تھیں۔ چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے چوہدری مونس الٰہی کے لاہور میں 8 مختلف بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: مونس الٰہی کو وطن واپس لانے کے لیے قانونی عمل شروع، ایف آئی اے نے انٹرپول سے رابطہ کر لیا
علاوہ ازیں نومبر میں ہی سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کو گرفتار کرکے پاکستان لانے کے لیے وفاقی حکومت نے انٹرپول سے رابطہ کیا تھا، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انٹرپول حکام سے رابطہ کرکے مونس الٰہی کے خلاف تمام مقدمات کی تفصیل شیئر کی تھی۔ انٹرپول سے مونس الٰہی کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس بھی جاری کروایا گیا تھا۔