جیل میں کچھ زیادہ ہی سختیاں ہورہی ہیں، لگتا ہے ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، عمران خان

پیر 26 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ جیل میں کچھ زیادہ ہی سختیاں ہورہی ہیں، لگتا ہے ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔ جیل کے جس کمرہ میں رکھا ہوا ہے، وہ اوون ہے لیکن اس کے باوجود مجھے کوئی ریلیف نہیں چاہیے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں ہے، اسٹیبلشمنٹ سے جب بھی بات ہوگی ملک اور قانون کے لیے ہوگی۔ عوام فوج سے پیار کرتے ہیں، کیونکہ وہ ہمارا دفاع کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ‏بلوچستان سمیت ملک بھر میں بدامنی ہے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے لوگ لٹ رہے ہیں 47 کی حکومت نے کوئی اصلاحات نہیں کی نہ تو اخراجات میں کمی کی نا آمدنی میں اضافہ کیا قرضوں پہ قرضے لے رہے ہیں بوجھ سارا غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کا مورال بلند، وہ جیل میں رہنے کے عادی ہوچکے ہیں، ذاتی معالج کا طبی معائنے کے بعد بیان

سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں دیکھیں عوام باہر نکلی تو اپنا حق لیا، صرف بھیڑ بکریاں ڈنڈوں سے کنٹرول ہوتی ہیں انسان نہیں ہوتے۔ اپیل ہے کہ فوج سب کی ہے، ملک کو مضبوط ادارے کی ضرورت ہے، یہ جو کر رہے ہیں یہ خودکشی ہے۔

’سارا نزلہ ایک ہی ادارے پر گر رہا ہے‘۔

عمران خان نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا کہ کرکٹ ٹیم کو سرجری کی ضرورت ہے اور اب ہم بنگلہ دیش سے ہار گئے ہیں۔ محسن نقوی کی کیا کوالیفکیشن ہے جو اسے وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی بنا دیا ہے۔

’محسن نقوی تو 2008 کا نیب زدہ ہے‘۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اس نے فراڈ الیکشن کروائے پھر کرکٹ کا بیڑا غرق کر دیا ورلڈ کپ میں چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں آٹھویں نمبر پر آئی اور اب بنگلہ دیش سے بھی ہار گئی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کا لندن کے لیے بیک پیک تیار، فارم 47 والی حکومت سے بات چیت نہیں کروں گا: عمران خان

انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ تعینات اسٹاف کو چوتھی مرتبہ تبدیل کردیا گیا ہے، وہ مجھے فراہم کیے جانے والے کھانے کو چیک کرتے تھے کہ اس میں زہر تو نہیں ملا۔ مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار ڈی جی آئی ایس آئی اور آرمی چیف سید جنرل عاصم منیر ہوں گے۔ اہلیہ بشریٰ کے کمرے میں چوہے آچکے ہیں، وہ نماز پڑھتی ہے اور چوہے چھت سے گرتے ہیں۔ آج عدالت کو آگاہ کیا ہے تاکہ چوہے ختم ہوسکیں۔

’‏بڑی ملٹی نیشنل کمپنیاں اور پروفیشنلز ملک چھوڑ کر جارہے ہیں، مزید مہنگائی کا دور آرہا ہے ان کے پاس کوئی پلان نہیں، ان سب کے پیسے اور پراپرٹیز باہر ہیں، یہ صرف قرض لے رہے ہیں‘۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کو ملک کی فکر ہے، ان کا جینا مرنا پاکستان ہے، ان کا ملک سے باہر کوئی پیسہ نہیں، وہ زرداری نواز شریف کی طرح ڈیل نہیں کرسکتے۔ عوام سوشل میڈیا پر تنقید کرتی ہے تو اسے دہشتگردی بنا دیتے ہیں، انٹرنیٹ سروس بند ہوئی تو عوام نے بات کی، اب یہ عوام انٹرنیٹ بند ہونے پر بھی بات نہ کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp