ناراض بلوچ کی اصطلاح میڈیا کی پیدا کردہ، سرنڈر کرنے والوں سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

پیر 26 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ناراض بلوچ کی اصطلاح میڈیا کی پیدا کردہ ہے، سرنڈ کرنے والے بلوچ علیحدگی پسندوں سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہاکہ آج بلوچستان میں کسی بلوچ نے پنجابی کو نہیں بلکہ دہشتگردوں نے پاکستانیوں کو شہید کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں بلوچستان میں لسانی بنیاد پر دہشت گردی، مقتولین کی تعداد میں 300 فیصد اضافہ

انہوں نے کہاکہ ریاست اپنی رٹ قائم کرنے کے لیے ہر ذریعہ استعمال کرے گی، یہ جنگ صرف فوج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ لوگ پاکستان کو توڑنے کی باتیں کرتے ہیں مگر کبھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے، حکومتی مشینری میں بھی ایسے بہت سے لوگ ہیں، بشیر زیب پاکستان توڑنا چاہتا ہے اور بی ایل اے کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کچھ مقامات پر دہشتگردوں سے مقابلہ جاری ہے، اور اب تک 21 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ہے، آئین و قانون کے مطابق ریاست کی ذمہ داری ہے کہ مظلوم کے ساتھ کھڑی ہو۔

سرفراز بگٹی نے کہاکہ بلوچ نوجوان پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں، اگر بلوچ نوجوانوں کا نوکریوں یا گورننس سے متعلق گلہ ہے تو ہمیں بتائیں۔

انہوں نے کہاکہ ایسے بھی لوگ ہیں جو سوشل میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈے کرتے ہیں، لیکن حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے عناصر سے متاثر نہیں ہوگی۔

سرفراز بگٹی نے کہاکہ شناختی کارڈ چیک کرکے معصوم لوگوں کو مارنا افسوسناک ہے، دہشتگردوں کی کوئی قوم اور قبیلہ نہیں۔

انہوں نے کہاکہ بندوق کے زور پر آپ اپنا نظریہ مسلط نہیں کرسکتے، مذہب کے نام پر کسی کو دہشتگردی نہیں کرنے دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم صوبے میں امن بحال کرنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے، حکومت شہدا کی عظیم قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔

انہوں نے کہاکہ ایسا نہیں ہونے دیں گے کہ رہیں پاکستان میں اور حمایت بی ایل اے کی کرتے ہوں، ناراض بلوچ کی اصطلاح میڈیا کی پیدا کردہ ہے۔

واضح رہے کہ آج بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کی گئی دہشتگردانہ کارروائیوں میں 39 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

یہ پڑھیں بلوچستان میں دہشتگردانہ کارروائیاں، مرنے والوں کی تعداد 39 ہوگئی

بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں مسلح افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 23 مسافروں کو بسوں سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ جبکہ دیگر افراد مختلف حملوں میں مارے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp