کل سندھ کے کون کون سے علاقوں میں اسکول بند رہیں گے؟

بدھ 28 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیش گوئی کے باعث سندھ کے مختلف علاقوں میں اسکول بند رکھنے کے حوالے سے نوٹیفیکشنز آنا شروع ہوچکے ہیں، اب تک سندھ کے اضلاع ٹنډوالہ یار، ضلع بدین، سجاول، میر پور خاص، حیدر آباد میں کل، سانگھڑ میں 2 دن جبکہ جامشورو میں 3 روز تک اسکول بند رہیں گے۔

بات کی جائے کراچی کی تو شہر قائد میں اب تک والدین کل کی چھٹی کے حوالے سے نوٹیفیکشن جاری ہونے اور واپس لینے کے حوالے سے الجھن کا شکار ہے، کیونکہ کراچی کے ضلع وسطی کی جانب سے کل اسکولز بند کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کیا گیا تھا جو بعد ازاں منسوخ کرنا پڑا، کراچی والوں کے لیے اب تک کی معلومات کے مطابق کل اسکول کھلے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں موسلا دھار بارشیں، کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ

محکمہ موسمیات کے مطابق کل دوپہرتک مون سون سسٹم کا مرکز شمال مشرقی بحیرہ عرب اورسندھ کی ساحلی پٹی ہوسکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کے مطابق سسٹم کا حجم زیادہ ہے، ہم اس کے پھیلاؤ کی لپیٹ میں ہوں گے، کراچی، حیدر آباد اور دیگر اضلاع میں کل دوپہر سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں کراچی: مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش اور گرج چمک، بجلی غائب

انہوں نے بتایا کہ کراچی، حیدرآباد اوردیگر اضلاع میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، آئندہ 2 روز یہ سسٹم سندھ کی ساحلی پٹی کے قریب رہےگا، اور مغرب میں بلوچستان کی جانب بڑھتے ہوئے کمزور ہونا شروع ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp