خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے حکومت اسلام آباد کے آئی ٹی پارک کو فعال بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ٹی پارک کے منصوبے کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرلیا جائے گا۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل یعنی ایس آئی ایف سی کے تعاون سے آئی ٹی پارک منصوبہ تیزی سے جاری ہے، اس منصوبے کے تحت آئی ٹی کے شعبے میں موجودہ مالی سال میں حکومت کی جانب سے 77 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے اسلام آباد میں 16 آئی ٹی لیب کے قیام کا فیصلہ
کورین کمپنی نے اس کی تکمیل کی مدت جون 2025 سے کم کرکے فروری 2025 کردی ہے، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ کے مطابق اسلام آباد کے بعد کراچی میں آئی ٹی پارک کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے آئی ٹی پارک منصوبے پر پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر سے ملک کی آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا اور ماہرین سے مشاورت کے بعد اس کی تعمیر کی مدت کو مزید کم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کاوشوں سے آئی ٹی برآمدات میں تاریخی اضافہ
اسلام آباد آئی ٹی پارک کے قیام سے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ 25 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی، مسقبل قریب میں حکومتی اقدامات سے آئی ٹی برآمدات میں 13 ارب ڈالر، ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے 10 ارب ڈالر اور ٹیلی کام سیکٹر سے 2 ارب ڈالر کے اضافے کی توقع ہے۔
حال میں برآمدات میں 30 فیصد اضافہ اور 3 لاکھ نئے آئی ٹی ٹرینیز کی شمولیت آئی ٹی سیکٹر کی بہترین کارکردگی کی مثال ہے، پاکستانی معیشت کو محفوظ اور مضبوط بنانے کے لیے آئی ٹی برآمدات کا فروغ خاصی اہمیت کا حامل ہے۔