صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیرس اولپمکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑی ارشد ندیم کو ہلال امتیاز سے نواز دیا۔ صدر مملکت آصف زرداری نے ارشد ندیم کو ہلال امتیاز ایوان صدر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں عطا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا قومی ہیرو ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے انعام کا اعلان
جمعرات کو ایوان صدر سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے کھیل کے شعبے میں شاندار کارکردگی کے اعتراف میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ہلال امتیاز سے نوازا، صدر مملکت نے ارشد ندیم کے لیے اپنی جانب سے 10 کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔
پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ارشد ندیم نے ملاقات بھی کی، اس دوران صدر مملکت نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا، ارشد ندیم نے ملک کے لاتعداد نوجوان کھلاڑیوں کو بھی اپنے وطن کے لیے کچھ کر گزرنے کی ترغیب دی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو دیگر کھیلوں خصوصاً سنگلز کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کے بچوں کو اسکالر شپ دی جانی چاہیے، کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے سندھ حکومت کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کے انڈومنٹ فنڈ میں 250 ملین روپے کا حصہ ڈالنے کا کہوں گا۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ ارشد ندیم نے نوجوانوں کو رکاوٹیں عبور کرنے ، عالمی سطح پر کھیلوں کے میدان میں شناخت بنانے کا حوصلہ دیا، امید ہے کہ ارشد ندیم مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر ارشد ندیم نے ہلالِ امتیاز ایوارڈ دینے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا
اور جیولین تھرو ایونٹ کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے عزم کا بھی اظہارکیا، صدر مملکت نے ارشد کی کامیابی میں رہنمائی پر کوچ سلمان اقبال بٹ کی خدمات کو بھی سراہا۔
واضح رہے کہ 13 اگست کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ارشد ندیم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے جبکہ ان کے کوچ کے لیے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم نے ارشد ندیم کی گراں قدر کامیابی پر حکومت پاکستان کی جانب سے ہلال امتیاز دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔