خواہش ہے سندھ کے عوام کو صوبائی حکومت کی جانب سے سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہو، بلاول بھٹو

جمعرات 29 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے عوام کو فراہم کی جانے والی بجلی مہنگی ہے، ہماری خواہش ہے کہ ہم صوبے کے عوام کو سندھ حکومت کی جانب سے سستی بجلی فراہم کریں۔

کراچی میں مستحق افراد میں سولر ہوم سسٹم کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت کا منصوبہ پاکستان پیپلز پارٹی کے غریبوں کو سہولیات دینے کے منشور کے مطابق ہے، غریبوں کو سولر پینل دینا ہمارے منشور کا حصہ ہے، ہماری سوچ تھی اگر پیپلز پارٹی کو وفاق میں حکومت ملے تو ہم پورے ملک ایسے منصوبے لے کر آئیں جس سے ہم پاکستان کے غریب ترین طبقے کو انتہائی کم قیمت یا مفت میں سولر پینل فراہم کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: باتوں سے زیادہ سندھ حکومت کا کام بولتا ہے، چاہتے ہیں پنجاب میں بھی عوام کو علاج مفت ہو، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ اس وقت میڈیا اور نگراں حکومت کے نمائندوں نے پیپلز پارٹی پر بہت تنقید کی گئی لیکن اب پورا ملک سوچ رہا ہے کہ ہم نے غریب عوام کو کم قیمت میں بجلی فراہم کرنی ہے، پیپلز پارٹی ایسے منصوبے چاہتی ہے جنہیں پورا کرنا ممکن ہوں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ غریب لوگ پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہیں، ان غریب افراد کے لیے سندھ حکومت نے ورلڈ بینک سے مل کر یہ منصوبہ شروع کیا ہے جس کے پہلے بینیفشری لاڑکانہ اور کراچی کے غریب عوام ہیں، یہ مںصوبہ سندھ کے دوسرے شہروں میں بھی شروع کریں گے، پیپلز پارٹی نوکری پیشہ اور مڈل کلاس طبقے کو بھی سبسڈی فراہم کرکے یہ سہولت پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تھرکول منصوبے کے ذریعے عوام کو سستی بجلی پہنچائی ہے، 50 میگا واٹ پر وزیراعلیٰ سندھ پر نیب میں کیس بھی چل رہا ہے، سندھ حکومت ونڈ پاور میں بھی سرمایہ کاری کررہی ہے جس میں نجی شعبہ کو بھی دعوت دی جارہی ہے کہ وہ آئے اور پاکستانی معیشت میں اپنا حصہ ڈالے، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ میں ابھی 3 گرین انرجی پارکس کے منصوبے بن رہے ہیں، سندھ حکومت سولر کے ذریعے عوام کے لیے سستی بجلی پیدا کرے گی، وفاقی حکومت سے ملنے والی بجلی مہنگی ہے، ہماری خواہش ہے کہ اپنے صوبے کے عوام کو سندھ حکومت کی طرف سے سستی بجلی پہنچائیں۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی بلوں میں ریلیف کے بعد جلد سولر پینل پروگرام شروع کیا جائے گا، مریم نواز

بلاول بھٹو نے نے کہا چونکہ ہر پالیسی یا منصوبے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے لہٰذا سندھ حکومت نے فی الوقت اپنے مینڈیٹ اور وسائل کے مطابق آج سندھ کے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ غریب عوام کو 2 لاکھ سولر پینل دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ منصوبہ جلد صوبے کے ہر ضلع کے غریب طبقے تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا پاکستان کے لیے جو وژن ہے، جس پر انتخابی مہم کے دوران سخت تنقید بھی کی گئی وہ 300 یونٹ والی بات ہے، باقی بھی اپنے آئیڈیاز شیئر کررہے ہیں، آج ہم بھی بتانے کی کوشش کررہے ہیں کہ غریب عوام کو کس طرح سہولت دی جاسکتی ہے، اس وقت پاکستان میں 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو سبسڈی پہنچائی جارہی ہے، انہیں 44 روپے یونٹ کے بجائے 14 روپے فی یونٹ میں بجلی دی جارہی ہے، وفاقی حکومت یہ سبسڈی دوسرے لوگوں کے بلوں میں اضافہ کرکے ادا کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کا بجلی کانظام تباہ حال ہے اور اس کا کوئی ادارہ اپنا کام کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، ایف بی آر اپنا کام نہیں کرسکتا لہٰذا ٹیکسز بجلی کے بلوں کے ذریعے لیے جارہے ہیں، اسی لیے ہم نے سولر کے ذریعے عوام کو ریلیف پہنچانے کا فیصلہ کیا اور جو سبسڈی کے ذریعے آہستہ آہستہ حکومت کے خرچے پر 200 یونٹ کے بجائے 300 یونٹ استعمال کرنے والوں کو سولر سسٹم پر لے کر آئیں اور 300 یونٹ مفت بجلی کا وعدہ پورا کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیوقوفی کے اعلانات کا کیا جواب دیا جائے؟ مراد علی شاہ کی نام لیے بغیر پنجاب حکومت پر تنقید

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک میں توانائی کا بحران ہے، بجلی کے بلوں سے ہم سب پریشان ہیں، ہم باقی صوبوں سے بہت کچھ سیکھ رہے ہیں، ہماری پالیسی بنی ہوئی ہے، وفاق صرف ہمارا منشور پڑھ لے، وفاقی حکومت سے کئی بار کہہ چکے ہیں کہ کچھ کرے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت آج کراچی اور لاڑکانہ میں 2 لاکھ سولر پینل تقسیم کررہی ہے، یہ سولر سسٹم غریب گھرانوں کو دیے جارہے ہیں، اس سولر سسٹم میں 80 سے 100 واٹ کی سولر پلیٹیں شامل ہیں، سولر سسٹم کے ساتھ 18 اے ایچ کی لیتھیم بیٹری، ایک پنکھا، 3 بلب اور موبائل چارجر بھی دیے جارہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp