آزاد کشمیر میں بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور تغیانی کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش ضلع مظفرآباد میں جمعے کے روز تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مساجد میں اعلان کیا جا رہا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے دریا ،ندی اور نالوں سے دور رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کی بلند ترین چوٹی ’سروالی‘ آج تک سر کیوں نہ کی جاسکی؟
ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق نے وی نیوز کو بتایا کہ مساجد میں اعلان قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے ایس ڈی ایم اے کی ہدایت پر کیا جارہا ہے۔
اسی دوران ایس ڈی ایم اے نے بیان جاری کیا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا حطرہ ہے جس کے پیش نظر مظفرآباد شہر کے علاوہ ضلع بھر میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسا اس لیے کیا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
بدھ کو شروع ہونے والی بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائڈنگ ہوئی جس کی وجہ سے مظفرآباد کو اسلام آباد سے ملانے والی دونوں شاہراہیں بند ہوگئی تھیں جن کو بعد میں کھول دیا گیا۔
اسی طرح سے وادی نیلم کو مظفرآباد سے ملانے والی شاہراہ مختلف مقامات پر مٹی اور پہاڑوں کی تودوں کی وجہ سے بند رہی جس کو بعد میں ٹریفک کے لیے بحال کیا گیا۔
مزید پڑھیے: موسلا دھار بارشیں، کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ
دریں اثنا دریائے نیلم اور دریائے جہلم کے پانی کے بہاؤ میں بھی مسسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے دریاؤں کے قریب رہنے والی آبادیوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ دونوں دریاؤں کے بہاؤ کی نگرانی کررہے ہیں۔