خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا میں تیز بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے مٹی کا تودہ گھر پر گرنے سے ایک ہی خاندان کے 12 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق سانحہ اپر دیر کے دور افتادہ علاقے پاتراک میدان کے مقام پر پیش آیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عنایت علی شاہ نے بتایا کہ پہاڑی علاقے میں مسلسل تیز بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کی زد میں گھر آ گیا۔
مزید پڑھیں:ناران میں برفانی تودہ گرنے سے 20 ہوٹل متاثر، امدادی سرگرمیوں میں دشواری
عنایت علی شاہ نے بتایا کہ گھر مکمل طور پر منہدم ہوا ہے اور گھر میں 12 افراد کے دب گئے ہیں۔ جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر مقامی افراد کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن کے دوران ملبے سے اب تک 12 افراد کے جسد خاکی نکالے جا چکے ہیں۔
جابحق افراد میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں، ریسکیو1122 نے تمام جسد خاکیوں کو ایمبولینس میں ہسپتال منتقل کیا
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی نگرانی میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا
عنایت علی شاہ
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122دیر بالا https://t.co/j8h1KhL2Yz— KP_Rescue1122 (@KPRescue1122) August 30, 2024
ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو کا عمل جاری ہے، ملبے تلے دب کر جاں بحق والوں میں 2 خواتین، ایک نوجوان اور 9 بچے شامل ہیں جبکہ تمام لاشوں کو ایمبولینس میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں اب بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید پڑھیں:شانگلہ: کرکٹ کھیلتے بچوں پر تودہ گرنے سے 8 ہلاک
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں طوفانی بارشوں کے باعث متعدد علاقوں میں ہنگامی صورتحال سے خبردار کیا تھا۔ ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جبکہ بارشوں کے سلسلہ آج رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
کے پی، جی بی اور پنجاب سمیت ملک بھر میں بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی
آزاد کشمیر، گلگت بلتستان (جی بی)، خیبرپختونخوا (کے پی) اور پنجاب سمیت ملک بھر میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے علاوہ برساتی ندی نالوں میں بھی طغیانی آگئی ہے۔
سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، ظفروال اور بہاولنگر سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ جہلم کے گاؤں کنگر میں شدید بارشوں اور برساتی نالے پر پُل کی سہولت نہ ہونے کے باعث مریض کو کندھے پر اٹھا کر مرکز صحت منتقل کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں:بلوچستان میں موسلادھار بارشیں، دکی میں 5 افراد جانبحق، تودہ گرنے سے ژوب قومی شاہراہ بند
خیبرپختونخوا میں بھی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں بھی طغیانی آگئی ہے۔ نالہ مہ نور میں آنیوالا سیلابی ریلہ مہانڈری بازار میں داخل ہوگیا جبکہ ایبٹ آباد میں بارش کا پانی ایوب میڈیکل کمپلیکس کے نیورو وارڈ میں داخل ہونے سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
استور میں لینڈ سلائیڈنگ سے بالائی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے جبکہ شاہراہ قراقرم چلاس سے گلگت سیکشن لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہے۔ بارش کے دوران شاہراہ بلتستان لینڈ سلائیڈینگ کے باعث 3 مقامات پر بند ہوگئی۔
اسکردو میں موسلادھار بارش اور دیوسائی سمیت بالائی علاقوں میں برفباری ریکارڈ کی گئی، باغیچہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے پتھر لگنے سے تین سیاح زخمی ہوگئے جبکہ بارش کے باعث مضافاتی علاقوں میں سیلابی ریلے سے املاک کونقصان پہنچا۔
آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت ہٹیاں بالا، اٹھ مقام، نکیال، بھمبر، سماہنی، دھیرکوٹ اور باغ میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ نیلم پٹہکہ اور دھنی آبشار کے مقامات پر بند ہوگئی۔
شاہراہ سرینگر بھی متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد آمد و رفت کے لیےغیر محفوظ ہوگئی ہے۔