بغیر اجازت درہ آدم خیل آنے والے چینی باشندے کو پولیس نے گرفتار کر لیا ، مقدمہ درج

پیر 3 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا (کے پی کے) پولیس نے بغیر اجازت درہ آدم خیل آنے اور اسلحہ خریدنے پر چینی باشندے کو گرفتار کر لیا ہے۔

کوہاٹ پولیس کی جانب سے مقامی اسلحے کی سب سے بڑی مارکیٹ درہ آدم خیل میں کارروائی کی گئی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کوہاٹ شہزادہ عمر عباس نے وی نیوز کو بتایا کہ درہ آدم خیل میں معمول کی چیکنگ کے دوران چینی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ڈی پی او مزید بتایا کہ غیر ملکی شہری کے پاس ضروری سفری دستاویزات ہونا ضروری ہیں جو چینی باشندے کے پاس نہیں تھیں۔ وہ محکمہ داخلہ کی اجازت کے بغیر درہ آدم خیل آئے تھے اور ان سے درہ آدم خیل سے خریدا گیا پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی باشندے کو انگلش نہیں آتی اور ہم چینی نہیں بول سکتے اسی وجہ سے زیادہ معلومات حاصل نہیں کرسکے اور وہ اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

تھانہ درہ آدم خیل میں درج ایف آئی آر کی کاپی وی نیوز نے حاصل کر لی ہے جس کے مطابق چینی باشندے سے 9 ایم ایم پستول ، ایک میگزین اور 24 کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق چینی شہری سوزوکی گاڑی میں سفر کررہا تھا ۔ پولیس نے ناکے پر اشاروں کی زبان میں پوچھ گچھ کی لیکن کوئی جواب نہ دے سکا اور ضروری دستاویز بھی نہ پیش کیں۔صرف چینی کارڈ پولیس اہلکاروں کو دیا گیا جس سے اس کی پہچان شینگلی کے نام سے ہوئی ہے۔

ایف آئی آر میں مزید لکھا ہے کہ غیر ملکی شہری پاکستان میں بغیر دستاویز داخل ہوا ہے۔

واضح رہے کہ درہ آدم خیل انتظامی لحاظ سے ضلع کوہاٹ میں آتا ہے اور پشاور کے بارڈر پر واقع ہے جہاں اسلحے کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔

درم آدم خیل کو دہشت گردوں کا گڑھ بھی کہا جاتا تھا تاہم گزشتہ کچھ سالوں میں امن و امان کی صورت حال میں کافی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp