پاکستان کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد عامر کی 2021 میں شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے کی گئی پیش گوئی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہو رہی ہے جس میں وہ پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے کیریئر کے بارے میں جو کہہ رہے ہیں وہ آج سچ ثابت ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹی20 ورلڈ کپ، بابر اعظم اگر محمد عامر کا مشورہ مان لیتے تو کیا پاکستانی ٹیم میچ جیت جاتی؟
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث ایشیا کپ 2022 سے باہر ہوگئے تھے جس کے بعد محمد عامر کا شاہین آفریدی سے متعلق بیان وائرل ہوگیا تھا۔
ایشیا کپ 2022 سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران گھٹنے کی انجری کا سامنا کرنے کے بعد ایک ماہ بعد شروع ہونے والے ایشیا کپ سے باہر ہو گئے اور پھر 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے کے باوجود نیدرلینڈز کے دورے پر روانہ ہو گئے تھے جس کے باعث شاہین شاہ آفریدی ایشیا کپ کے لیے بروقت صحت یاب ہونے میں ناکام رہے۔
Muhammad Amir predicted the future of Shaheen Afridi in 2021. pic.twitter.com/94sbc1SLqz
— 𝙎𝙝𝙚𝙧𝙞 (@CallMeSheri1) August 30, 2024
بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو عالمی کرکٹ خاص طور پر ٹی20 فارمیٹ کے خطرناک ترین گیند بازوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی پاکستان ٹیم کے مستقل کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور ٹیم کے سابق کرکٹرز کی جانب سے ان پر بوجھ کو کم کرنے کے لیے انہیں آرام دینے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے تاہم ٹیم انتظامیہ کی جانب سے انہیں مسلسل کھلایا جاتا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:شاہین شاہ آفریدی کو کپتان کس نے بنایا؟ محمد عامر کے آنے سے ڈریسنگ روم میں کیا فرق پڑے گا؟
ایشیا کپ سے باہر ہونے کی تصدیق کے بعد ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر محمد عامر کا 2021 کا انٹرویو وائرل ہوا، جس میں انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کی ممکنہ انجری کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ انتظامیہ کو خصوصی طور پر خبردار کیا تھا۔
انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ بھارت نے اپنے بولرز کو تیار کیا اور پھر ان کا بہترین استعمال کیا۔ آپ بمرا، شامی، بھونیشور کمار جیسے بولرز کو دیکھیں جو ڈومیسٹک میں 140 سے زیادہ کی اسپیڈ سے بولنگ کر رہے ہیں۔
بھارت کے پاس آج مختلف فارمیٹس کے لیے مختلف ٹیمیں، بلے باز اور بولرز ہیں، بھارت نے ایسے کھلاڑی تیار کیے اور انہیں ضروریات کے مطابق ٹیم میں کھلایا۔
یہ بھی پڑھیں:کوئی نیا چاند نہ چڑھا دینا‘، محمد عامر کے 4 سال بعد پاکستانی جرسی پہننے پر صارفین کے تبصرے
محمد عامر کا کہنا تھا کہ یہاں پاکستان میں ایک شخص کی لاٹری نکلتی ہے اور پھر وہ تینوں فارمیٹس میں کھیلتا رہتا ہے۔ عامر نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ میں اس کے خلاف نہیں ہوں لیکن آپ کے پاس روٹیشن پالیسی ہونی چاہیے۔
اس کے بعد عامر نے شاہین شاہ آفریدی کے بارے میں بات کرتے ہوئے پیش گوئی کی کہ ’ آپ کمنز، ہیزل ووڈ، اسٹارک کو دیکھیں، آپ انہیں سیریز کے تمام فارمیٹس میں تمام میچز کھیلتے ہوئے کبھی نہیں دیکھیں گے۔ اگر کوئی ٹیسٹ کھیلتا ہے تو وہ پہلے 2 ون ڈے نہیں کھیلے گا، اگر وہ ون ڈے کھیلتا ہے تو وہ ٹی20 فارمیٹ میں آرام کرے گا، اس طرح وہ ایک لمبے عرصے تک کرکٹ کھیلنے میں کامیاب ہوتے ہیں‘۔
محمد عامر نے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’ پاکستان میں آپ شاہین شاہ آفریدی کو دیکھیں، وہ کھیلتا ہی کھیلتا چلا جا رہا ہے۔ ابھی تو وہ جوان ہے لیکن جیسے ہی وہ 26 سال کی عمر کو پار کرے گا اور تینوں فارمیٹس میں بولنگ کرتا ہی رہے گا تو آپ واپس میری بات کی طرف ضرور دھیان دیں گے کہ میں جو کہہ رہا تھا وہ صحیح تھا۔