وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے ایک مسافر کو کراچی ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی پر بڑی کارروائی کر کے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے مسافر کو گرفتار کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: جعلی سفری دستاویزات بنانے میں ملوث انسانی اسمگلر گرفتار
ایف آئی اے کے مطابق، ملزم کی شناخت سید زین الحسن کے نام سے ہوئی ہے اور وہ نوشہرہ ورکاں ضلع گوجرانوالہ کا رہائشی ہے۔ ملزم نے جعلی دستاویزات پر کرغزستان جانے کی کوشش کی، مسافر کے پاس موجود دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران ان کے جعلی ہونے کا انکشاف ہوا۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کے پاس بشکیک انٹرنیشنل میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کا جعلی ایڈمیشن لیٹر تھا، ملزم کی تعلیمی قابلیت میٹرک سے کم ہے اور اس نے 2018 میں اسکول چھوڑ دیا تھا، ملزم کے پاس موجود اسٹڈی ویزا اور ورک ویزا دونوں مشکوک پائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک سے آنے والا مسافر گرفتار
ترجمان کے مطابق، ملزم نے جعلی ویزا اور انسٹی ٹیوٹ کا ایڈمیشن لیٹر علی نامی ایجنٹ سے حاصل کیے، ملزم کو مزید کارروائی کے لیے اے ایچ ٹی سی کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔