وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے ان کے تمام اندازے غلط ثابت کردیے ہیں، عمران خان نے وہ کام کر دکھایا ہے جس کی انہیں توقع نہیں تھی
جیو نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ افواہیں زیرگردش ہیں کہ عمران خان کو جیل میں تمام سہولیات حاصل ہیں، جس طرح کی خوراک یا چیزوں کا استعمال عمران خان چاہتے ہیں، انہیں وہ جیل میں میسر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی واقعات پر بانی پی ٹی آئی تسلیم کریں کہ ان سے غلطی ہوئی، رانا ثنا اللہ
رہنما ن لیگ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا، ’یہ باتیں ایک طرف لیکن جو بات حقیقت ہے اسے تسلیم کیا جانا چاہیے، عمران خان نے مزاحمت کی ہے اور انہوں نے جیل کاٹی ہے، میرا پہلے یہ اندازہ نہیں تھا کہ وہ یہ کرسکیں گے۔‘
عمران خان کے خلاف منشیات استعمال کرنے کے الزامات سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ منشیات کا استعمال کرنا یا نہ کرنا ایک الگ معاملہ ہے، لیکن جیل میں وقت گزارنے کے لیے کچھ اور چیزوں کی بھی ضرورت ہوتی ہے، میرا ذاتی خیال تھا کہ وہ جیل نہیں کاٹ سکیں گے، لیکن انہوں نے یہ کر دکھایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کارکنان رانا ثنااللہ کو واٹس ایپ پر کیسے پیغامات بھیجتے ہیں؟ اہم انکشاف
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی تفتیشی افسر بانی پی ٹی آئی کے سیل میں جائے تو کوکین اور ہیروئن مل جائے گی۔
حنیف عباسی نے مزید کہا کہ اڈیالہ جیل کی انتظامیہ کو سپلائی کا الزام ثابت ہونے پر تبدیل کیا گیا۔ بعدازاں، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حنیف عباسی کی یہ گفتگو اسمبلی کارروائی سے حذف کردی تھی۔