ذوالفقار علی بھٹو شہید کو عدالتی قتل کے ذریعے ہم سے چھینا گیا، شیری رحمان

منگل 4 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ 73 کے متفقہ آئین، جوہری طاقت اور جمہوریت کے خالق، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ہم کبھی نہیں بھول سکتے۔ قائد عوام کو عدالتی قتل کے ذریعے ہم سے چھینا گیا۔ وہ تاریک ترین فیصلہ ہماری عدلیہ کی تاریخ پر ایک سیاہ ترین داغ ہے جو آج تک قائم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 44ویں برسی کے موقع پرایک بیان میں کیا۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے 44ویں یوم شہادت کے موقع پر ان کی جُرأَت، قربانیوں اور ملک و قوم کے لیے خدمات کو خراج پیش کرتی ہوں۔ ذوالفقارعلی بھٹو شہید نے عوام اور پارلیمنٹ کو طاقت اور فیصلہ سازی کا مرکز بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ایک منظم منصوبے کے ذریعے قائد عوام کے خلاف فیصلہ دیا گیا۔ قائد عوام کے قتل میں جو کردار ہمارے نظام عدل نے ادا کیا اس سے سر شرم سے جھک جاتا ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے عدالتی قتل میں انصاف کے لیے2011 میں ایک ریفرنس دائر کیا تھا، گزشتہ 12 سال سے وہ ریفرنس اعلیٰ عدالت میں فائلوں تلے دبا ہوا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 44 برسوں سے بھٹو خاندان، پیپلز پارٹی اور قوم قائد عوام کے عدالتی قتل کیس میں انصاف کے منتظر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp