غزہ: سرنگ سے امریکی شہری سمیت 6 یرغمالیوں کی لاشیں برآمد

اتوار 1 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں ایک زیر زمین سرنگ سے حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے 6 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں سے ایک امریکی نژاد شہری کی لاش تھی۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ رفح کے علاقے میں ایک سرنگ سے ملنے والی لاشوں کو اسرائیل لے جایا گیا تھا جہاں پر ان کی شناخت مکمل کرلی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ جس وقت یرغمالیوں کی لاشیں ملیں اس وقت انہیں مرے ہوئے زیادہ دیر نہیں ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی جارحیت جاری، گزشتہ 24 گھنٹے میں 61 فلسطینی شہید

جن یرغمالیوں کی لاشیں ملی ہیں ان میں 23 سالہ ہرش گولڈ برگ پولن، 24 سالہ ایڈن یروشلمی، 25 سالہ اوری ڈینینو، 32 سالہ الیکس لبنوف، 40 سالہ کارمل گیٹ، اور 27 سالہ الموگ ساروسی شامل ہیں۔

یرغمالی بنائے گئے اسرائیلی شہریوں کے خاندانوں نے واقعہ کے بعد اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف شدید احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے اور غزہ میں فوری جنگ بندی اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نیتن یاہو اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے پر محتاط

ان خاندانوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی سے متعلق معاہدہ 2 ماہ سے لٹکایا جارہا ہے، اگر اس معاہدے کی راہ میں رکاوٹیں حائل نہ کی جاتیں تو شاید آج یہ یرغمالی آج زندہ ہوتے۔

ادھر، حماس کے سینیئر رہنما عزت الرشق نے کہا ہے کہ یہ یرغمالی اسرائیلی فضائی میں ہلاک ہوئے۔ انہوں نے 11 ماہ سے جاری جنگ میں امریکا کا کردار متعصبانہ ہے جو اسرائیل جرائم میں اس کا شراکت دار اور معاون ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ جنگ بندی مذاکرات: اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدہ نہ ہوسکا

اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ملنے کے بعد وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ حماس سے اسرائیلی یرغمالیوں کی ہلاکت کا بدلہ ضرور لیا جائے گا، جنہوں نے ان یرغمالیوں کو مارا ہے وہ غزہ میں جنگ بندی معاہدہ نہیں چاہتے۔

اسرائیلی یرغمالیوں کے ساتھ مارے گئے امریکی نژاد شہری ہرش گولڈبرگ کی ہلاکت پر امریکی صدر جوبائیڈن نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہرش گولڈ برگ پولن کو بحفاظت اہل خانہ تک لانے کے لیے سخت محنت کی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 7 اکتوبر سے جاری غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور وحشیانہ بمباری کے باعث اب تک 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہری شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ اسرائیلی حملوں میں اب تک 94 ہزار سے زائد فلسطینی شہری زخمی ہوچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp