مایہ ناز بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ کے والد نے حکومت سے اپنے بیٹے کو اعلیٰ سول ایوارڈ بھارت رتن سے نوازنے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ یوراج سنگھ نے نے کینسر سے لڑتے ہوئے ہندوستان کو ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے میں مدد کی تھی۔
’زی سوئچ‘ کے یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے یوراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ نے سابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتنا ایم ایس دھونی کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر اپنے بیٹے کے کرکٹ کَریئر کو تباہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
’میں ایم ایس دھونی کو معاف نہیں کروں گا، اسے آئینے میں اپنا چہرہ دیکھنا چاہیے، وہ بہت بڑا کرکٹر ہے لیکن اس نے میرے بیٹے کے خلاف کیا کیا، اب سب کچھ سامنے آ رہا ہے، اسے زندگی میں کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا۔‘
یہ بھی پڑھیں: بھارتی بلے باز شیکھر دھون نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی کیا وجہ بتائی؟
یوگراج سنگھ کے مطابق انہوں نے زندگی میں کبھی دو کام نہیں کیے۔ ’ایک، میں نے کبھی کسی کو معاف نہیں کیا جس نے میرے ساتھ غلط کیا ہو، اور دوسرا، میں نے اپنی زندگی میں انہیں پھر کبھی گلے نہیں لگایا، چاہے وہ میرے گھر والے ہوں یا میرے بچے۔‘
یوگراج سنگھ کے مطابق کینسر کے بعد یوراج سنگھ باآسانی مزید چند برس اور کھیل سکتے تھے، انہوں نے کہا کہ ایم ایس دھونی نے ان کے بیٹے کی زندگی تباہ کردی ہے، جو 4 سے 5 سال مزید کھیل سکتا تھا۔
مزید پڑھیں: روہت شرما اور کوہلی کے بعد ایک اور بھارتی کرکٹر ٹی20 کرکٹ سے ریٹائر
’میں چیلنج کرتا ہوں کہ یووراج جیسے بیٹے کو جنم دے کر دکھائیں، گوتم گمبھیر اور وریندر سہواگ بھی ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ کوئی اور یوراج سنگھ نہیں ہوسکتا، بھارت کو اسے کینسر کے باوجود کھیلنے اور ملک کے لیے ورلڈ کپ جیتنے پر اسے بھارت رتن ایوارڈ سے نوازنا چاہیے۔‘
اپنے انٹرویو میں یوگراج سنگھ نے سابق بھارتی آل راؤنڈر کپتان کپل دیو کو بھی نہیں بخشا۔ ’ہمارے وقت کے سب سے بڑے کپتان، کپل دیو…میں نے ان سے کہا، میں تمہیں اس مقام پر چھوڑوں گا جہاں دنیا تم پر لعنت بھیجے گی، آج یوراج سنگھ کے پاس 13 ٹرافیاں ہیں اور آپ کے پاس صرف ایک ورلڈ کپ ہے، بات ختم!‘