مراد سعید کا علی امین گنڈاپور سے رابطے کا انکشاف، پارٹی فیصلے میں روپوش رہنما کا کتنا عمل دخل؟

پیر 2 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کی گرفتاری کے لیے کچھ عرصہ قبل پشاور میں واقع ایک سرکاری رہائش گاہ پر چھاپہ مارنے کی کوشش کی گئی لیکن وہاں سیکیورٹی پر مامور عملے کی جانب سے مخالفت پر اندر جانے کی اجازت نہ ملی۔

باخبر ذرائع نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے کے بعد ایسی اطلاعات ہیں کہ مراد سعید پشاور یا کسی دوسرے اضلاع میں روپوش ہیں اور پارٹی کی اعلی قیادت سے رابطے میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حماد اظہر کے بعد کیا مراد سعید بھی روپوشی ختم کرکے منظر عام پر آ رہے ہیں؟

ذرائع نے بتایا کہ کچھ عرصہ پہلے پشاور میں ایک سرکاری بنگلے میں ان کی موجودگی کی اطلاع پر وہاں چھاپہ مارا گیا تاہم وہاں موجود سیکیورٹی اسٹاف نے اندر داخلے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، مراد سعید کی موجودگی کی اطلاع پر گرفتاری کے لیے بنگلے پر پہنچنے والی ٹیم کو صاف واضح کردیا گیا کہ اندر پولیس کو مطلوب بندہ موجود نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق خیال کیا جا رہا ہے کہ صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت بننے کے بعد خیبر پختونخوا مراد سعید کے لیے محفوظ پناہ گاہ ہے جہاں وہ پشاور یا کسی دوسری جگہ روپوش ہیں، تاہم پشاور پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ انہیں سرکاری بنگلے پر کسی چھاپے کا علم نہیں ہے۔

مراد سعید کہاں روپوش ہو سکتے ہیں؟

مراد سعید مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے طاقتور ادارے بھی سرگرم ہیں، ذرائع کے مطابق ان کی گرفتاری کے لیے چند ماہ کے دوران پشاور کے 3 مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے لیکن انہیں گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما مراد سعید غائب رہ کر کیسے پارٹی نوجوانوں کو متحرک کیے ہوئے ہیں؟

تجزیہ کاروں اور صحافیوں کے مطابق مراد سعید پاکستان میں ہی روپوش ہیں، پشاور کے سینئر صحافی محمد فہیم کا خیال ہے کہ مراد سعید پاکستان میں ہی کہیں روپوش ہیں۔ ’دیکھیے، سخت حالات میں پی ٹی آئی کے جتنے بھی رہنما ملک سے باہر گئے تھے وہ منظر عام پر آئے ہیں اور وہاں سے بیانات بھی دے رہے ہیں جبکہ مراد سعید ابھی تک روپوش ہیں۔‘

سینئیر صحافی عمیر محمد زئی کا بھی یہی خیال ہے ان کے مطابق مراد سعید خیبر پختونخوا میں ہی کہیں روپوش ہیں، مراد سعید کے لیے حالات ابھی سازگار نہیں ہیں اس لیے وہ تاحال روپوش ہیں۔

مراد سعید کا حکومتی معمولات میں کتنا عمل دخل ہے؟

صحافی عمیر محمد زئی کے مطابق مراد سعید پارٹی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور حکومتی معمولات میں ان کی رائے شامل ہوتی ہے، انہوں نے بتایا کہ مراد سعید وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو مکمل سپورٹ کرتے آئے ہیں اور کر رہے ہیں۔ جبکہ علی امین بھی مراد سعید کا کہا مان رہے ہیں۔

عمیر محمد زئی کے مطابق صوبائی کابینہ کی تشکیل میں بھی مراد سعید سے رائے لی گئی تھی جبکہ ابھی ممکنہ ردوبدل میں بھی ان کی مشاورت شامل رہی ہے۔ ’مراد سعید کا ہر کسی کے ساتھ رابطہ نہیں ہو سکتا البتہ صوبائی اور مرکزی چند رہنماؤں سے ضرور ہو سکتا ہے، علی امین گنڈاپور وزیر اعلیٰ اور صوبائی صدر ہیں ان سے ضرور رابطہ ہے۔‘

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے کون سے روپوش رہنما منظر عام پر آگئے ہیں؟

صحافی عمیر محمد زئی دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی کابینہ میں حالیہ ردوبدل میں مالاکنڈ سے ایک نام مراد سعید کی مرضی پر شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب صحافی محمد فہیم سمجھتے ہیں کہ مراد سعید کا حکومتی معمولات میں کچھ زیادہ عمل دخل نہیں ہے، وہ معاملات میں مداخلت کرنے والے نہیں ہیں بلکہ رائے دے سکتے ہیں یا ان کی رائے لی جاتی ہے۔ ان کے مطابق مراد سعید کا وزیر اعلی سے رابطہ ہو سکتا ہے۔

کیا روپوش مراد سعید پارٹی معاملات کے ذمہ دار ہیں؟

پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا سے وابستہ ایک کارکن نے بتایا کہ ان کا یوں تو مراد سعید سے کوئی براہ راست رابطہ نہیں ہے تاہم ان کی جانب سے کارکنان کو ہدایات وقت کے ساتھ ملتی رہی ہیں۔ ’کچھ عرصہ قبل انہی کی ہدایت پر پورے صوبے میں عمران خان کی رہائی کے لیے مظاہرے ہوئے تھے۔‘

پارٹی ذرائع کے مطابق مراد سعید روپوشی میں بھی پارٹی امور دیکھ رہے ہیں اور کارکنان کا متحرک کرنے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp