بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف اداکار ابھیشیک بچن اور ان کی اہلیہ ایشوریا رائے کی طلاق کے حوالے سے خبریں عرصہ دراز سے گردش کر رہی ہیں تاہم دونوں کی جانب سے اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ ایسے میں اس جوڑے کی اپنی بیٹی ارادھیا کے ساتھ ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہے جس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے میں طلاق کی خبریں، اصل معاملہ کیا ہے؟
وائرل ویڈیو میں جوڑے کو بیٹی سیمت ایک بس میں سوار ہوتے دکھایا گیا ہے، جس کے بارے میں بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو دبئی ایئرپورٹ کی ہے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد اس جوڑی کے پرستاروں نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھیشیک اور ایشوریا کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے۔
View this post on Instagram
طلاق کی افواہوں کے درمیان وائرل ویڈیو نے جہاں جوڑے کو ایک ساتھ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا، وہیں بہت سے صارفین کا کہنا تھا کہ یہ گزشتہ سال کی پرانی ویڈیو ہے کیونکہ اس ویڈیو میں ارادھیا کا ہیئر اسٹائل پرانا ہے جسے اب وہ تبدیل کر چکی ہیں۔
واضح رہے کہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں ابھیشیک اور ایشوریا کی الگ الگ آمد اور ابھیشیک کی جانب سے طلاق پر انسٹاگرام پوسٹ کو لائیک کرنے کے بعد ایسی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ یہ جوڑا طلاق کی جانب بڑھ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا ابھیشیک بچن نے ایشوریا رائے کو طلاق دے دی؟
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اس طرح کی افواہیں سامنے آئی ہیں۔ ابھیشیک، ایشوریا یا بچن خاندان کے کسی بھی رکن نے ابھی تک جوڑے کی علیحدگی کے بارے میں حالیہ افواہوں پر ردِعمل ظاہر نہیں کیا۔
یاد رہے کہ سابقہ مس ورلڈ اور ابھیشیک بچن سنہ 2007 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور ان کے ہاں ارادھیا کی پیدائش سنہ 2011 میں ہوئی تھی۔