پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ میں اسٹیبلشمنٹ سمیت سب سے مذاکرات کروں گا، نواز شریف اور آصف زرداری سمیت سب ملک میں آئین کی بالادستی چاہتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتیں بیٹھ کر ملک کا سوچیں، مذاکرات ہوں گے اور ہونے چاہییں۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی والے این آر او کے لیے ترلے کررہے ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف
انہوں نے کہاکہ مذاکرات اس لیے ہونے چاہییں کہ بیٹھ کر سوچنا ہوگا کہ ملک میں بحران سے کیسے نکلا جائے، ہم نے اسٹیبلشمنٹ کو باعزت راستہ دینا ہے۔
محمود اچکزئی نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اسپیکر صاحب! آپ ایوان کے محافظ بن کر کام کریں۔
قبل ازیں ایوان میں خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ تحریک انصاف والے این آر او مانگ رہے ہیں، رؤف حسن ترلے کررہے ہیں کہ این آر او دے دو۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ ان کو ریلیف دے، یہ ان سے بھی مذاکرات کرلیں تو ہمیں کوئی اختلاف نہیں۔
خواجہ آصف نے کہاکہ پی ٹی آئی والوں نے جن کی گود میں بیٹھ کر پرورش پائی ہے ان کو بار بار گود یاد آجاتی ہے، یہ بھول جاتے ہیں کہ نہ باجوہ رہے اور نہ فیض حمید۔
یہ بھی پڑھیں حکومت مذاکرات کے لیے تیار لیکن اب پی ٹی آئی کو کوئی پیشکش نہیں کی جائے گی، عرفان صدیقی
وزیر دفاع کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہاکہ آپ کو 80 سال کی عمر میں ایسی باتیں کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔