وفاقی کابینہ نے پاکستان اور مرکوسر تجارتی بلاک کے درمیان تجارتی فریم ورک معاہدے پر دستخط کی توثیق کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں وفاقی کابینہ کا اجلاس: ازبکستان کے ساتھ ای کامرس کے فروغ، اسکلز ڈویلپمنٹ کمپنی کے قیام کی منظوری
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ جنوبی امریکا کی مارکیٹ ممکنہ طور پر پاکستانی مصنوعات کی لیے اچھی مارکیٹ ثابت ہوسکتی ہے لیکن اب تک پاکستانی معیشت اس مارکیٹ کے ثمرات حاصل نہیں کرسکی۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ تجارت کی سفارش پر مرکوسر (جوکہ جنوبی امریکا میں موجود ممالک جیسا کہ برازیل، ارجنٹینا، یوروگوائے اور پیراگوئے پر مشتمل ایک تجارتی بلاک ہے، جسے عام زبان میں سدرن کامن مارکیٹ کے نام سے پکارا جاتا ہے) اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان تجارتی فریم ورک معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی، وفاقی کابینہ نے مؤخر الذکر تجارتی فریم ورک معاہدے کی توثیق بھی کردی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ معیشت سے متعلق تمام معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں جن پر عرصے سے کوئی کام نہیں ہوا ان پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے۔
وزیراعظم کا مہنگائی کی شرح میں کمی پر اطمینان کا اظہار
شہباز شریف نے ماہ اگست میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجیٹ میں آنے پر اطمینان کا اظہار کیا، اور کہاکہ افراط زر میں کمی پر وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
یہ بھی پڑھیں معیشت کے استحکام کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کررہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے کہاکہ مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے، ہمیں معیشت میں مزید استحکام لانا ہے، روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ امور کی سفارش پر البانیہ کی وزارت برائے یورپ اور خارجہ امور، اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کی وزارت خارجہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دیدی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ امور کی سفارش پر Conference on Interaction and Confidence Building Measures in Asia (CICA) 2010 (کانفرنس آن انٹریکشن اینڈ کانفیڈینس بلڈنگ میژرز ان ایشیا 2010) کے سیکرٹریٹ، اس کے عملے اور رکن ممالک کے نمائندگان کے استحقاق اور استثنیٰ کے کنونشن کی توثیق کی منظوری دے دی۔
چیئرمین فیڈرل بورڈ کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری
وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سفارش پر وزارت کے سینیئر جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق کی بطور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (FBISE) میں تعیناتی کی مدت میں ریگولر افسر کی تعیناتی تک توسیع کی منظوری دے دی۔
یہ بھی پڑھیں وفاقی کابینہ کا اجلاس: اسپیشل کورٹ کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت رپورٹ کیسز سننے کا اختیار دینے کی منظوری
وفاقی کابینہ نے مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کے مسودوں کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ کمیٹی اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گی اور ایک ماہ تک اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز (CCLC) کے 26 اگست 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔