پشاور میں اغوا کے لیے آنے والے خود اغوا ہوگئے، ویڈیو وائرل

بدھ 4 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور میں رشتہ داروں اور دوستوں نے شہری کے مبینہ اغوا کی کوشش ناکام بنادی اور اغوا کے لیے آنے والے نا معلوم افراد کو ہی پکڑ لیا۔

ذرائع کے مطابق چند نا معلوم افراد کالے رنگ کی ویگو گاڑی میں خود کو پنجاب سی ٹی ڈی اہلکار ظاہر کرتے ہوئے شہری پیر محمد ٹھیکیدار کو اغوا کرنے ان کے گھر پہنچے تھے اس موقع پر رشتہ داروں اور دیگر لوگوں نے مبینہ اغوا کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور اغوا کے لیے آنے والے ایک شخص کو بھی پکڑ لیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: سی ٹی ڈی پنجاب کا بغیر اجازت پشاور میں چھاپہ، اہل خانہ نے اہلکار کو دھرلیا

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف ردعمل دیا گیا۔ جوکر نامی پیج نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پشاور میں نامعلوم ڈالہ شہری کو اُٹھانے گیا لیکن پٹھانوں نے مل کر نامعلوم کو ہی اُٹھالیا اور ڈالے والے اپنا ایک بندہ چھوڑ کر بھاگ گئے۔

چوہدری ظفر لکھتے ہیں کہ اگر عوام اسی طرح ہمت دکھائے تو کسی کو اس طرح غیر قانونی طریقے سے اغوا کرنے کی جرات نہیں ہو گی۔

علی نامی ایکس صارف ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ دلیری اسی کا نام ہے۔

فوزیہ خان نے کہا کہ ہر جگہ ایسے افراد کے ساتھ ایسا ہی سلوک کرنا چاہیے۔

پولیس کے مطابق گرفتار شخص کا تعلق سی ٹی ڈی فیصل آباد سے ہے جس کی تصدیق ایس ایس پی پشاور نے بھی کی ہے۔ پشاور پولیس کے مطابق پنجاب سی ٹی ڈی نے پیر محمد آفریدی نامی شخص کو اٹھانے کی کوشش کی جبکہ اس چھاپے یا کارروائی کے حوالے سے پشاور پولیس کو آگاہ نہیں کیا گیا جو غیر قانونی ہے۔

 پولیس اس شخص کو حراست میں لے کر مزید معلومات اکٹھی کررہی ہے جبکہ پشاور آئی جی کے پی اختر حیات نے ٹاؤن سے شہری کو اغواکرنے کا نوٹس  لیتے ہوئے پنجاب سی ٹی ڈی اہلکار کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: سی ٹی ڈی کی کارروائی، کراچی پولیس آفس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ ہلاک

پولیس نے بتایا کہ کسی بھی دوسرے صوبے کی پولیس کو کارروائی سے پہلے بتانا لازمی ہے، ایسی صورت میں مقامی پولیس باقاعدہ مدد کرنے کی بھی پابند ہوتی ہے لیکن مقامی پولیس کو آگاہ کیے بغیر کارروائی غیر قانونی ہوتی ہے۔

پشاور پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے، تاہم پنجاب پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp