پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس کے اہلکاروں اور افسروں کے لفٹ لینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، اس ضمن میں جاری کردہ اطلاع کے مطابق اس حکم نامہ کیخلاف ورزی پر ذمہ دار اہلکاروں کو معطل کردیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب پولیس کی کارکردگی جانچنے کے لیے کی پرفارمنس انڈیکیٹرز مقرر
ڈی آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق صوبائی ہائی وے پٹرول سے وابستہ کوئی بھی افسر یا اہلکار لاہور کی رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ سمیت کسی بھی شاہراہ پر لفٹ لیتا ہوا نظر آیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پنجاب ہائی وے پٹرول کے لاہور ہیڈ کوارٹر میں محرر کی جانب سے درج مذکورہ حکم نامے کی رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی پٹرولنگ کے حکم کے مطابق لفٹ لینے والے محکمہ کے ملازمین کو فوری طور پر معطلی کے ساتھ ساتھ سخت محکمانہ کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
مزید پڑھیں: پنجاب پولیس کی خاتون افسر کو عالمی ایوارڈ کے لیے منتخب کر لیا گیا
حکم نامے کے مطابق افسران و اہلکاروں کو شاہراہوں پر گاڑیاں روک کر لفٹ لیتے ہوئے دیکھا گیا ہے، جس کی وجہ سے عوامی سہولت اور سیکیورٹی پر منفی اثر پڑ رہا ہے، تاہم پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے انہیں مختلف اوقات میں گھر اور آفس پہنچنے کے لیے اکثر دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔