وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے یوم دفاع کے موقع پر راولپنڈی میں لانس نائیک وقارحسین شاہ شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی، وزیرخزانہ نے ملک کے لیے وقارحسین شاہ شہید اوردیگرشہدا کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا اورشہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی، انہوں نے شہید وقارحسین شاہ کے بچوں کو پیار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں 4 دہشتگرد ہلاک، لانس نائیک شہید
وزیر خزانہ نے شہید کی بیوہ ثانیہ نذیر اور ان کے بچوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور قوم کو شہید وقارحسین شاہ کی بہادری اور قربانی پر بے پناہ فخر کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم شہید وقارحسین شاہ کی قربانی کوسدا یاد رکھے گی، قوم شہید کی قربانی پران کی مقروض ہے، پورا ملک پاکستان کے لیے جان کی قربانی دینے والوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار تشکر اور یکجہتی کے لیے کھڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہید سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات میں وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت اعلیٰ حکام و افسران کی شرکت
’ہمارے شہدا قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے جرأت اور حب الوطنی کی روشن مثال ہیں، شہید وقار حسین شاہ جیسے ہیروز کی بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور قوم ان کی خدمات کی مقروض ہے۔‘
محترمہ ثانیہ نذیر نے اپنے بچوں کی پرورش حب الوطنی اور ملک کی خدمت کے جذبے سے کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیرخزانہ کے دورے پر شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وطن پر اپنے 2 اور بیٹے قربان کرنے کو تیار ہوں، والد لیفٹیننٹ عزیر محمود شہید
محمد اورنگزیب نے ملکی تحفظ اور خطے میں امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے غیرمتزلزل عزم کو سراہا، انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کی فوج کی لازوال طاقت اور اس کے عوام کے جذبے کی یاد دہانی ہیں۔