لاہور جلسہ: آپ اٹک پل پار کرکے دکھائیں، رانا ثنااللہ کا وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو چیلنج

پیر 9 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم کے مشیربرائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب اٹک کا پل پار کر کے دکھائیں۔

ایک بیان میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ اسلام آباد کے راستے کھلے تھے لیکن اسلام آباد کی طرف سےجلسہ گاہ آنے والوں کونہیں روکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جلسے میں جو تقریر کی گئی وہ انارکی پھیلانے کے لیے کی گئی۔ علی امین گنڈاپور 2 نمبر آدمی ہے۔ ان کا ڈبل چہرہ ہے، جس لہجے میں انہوں نے کہا کہ میں لاہور آ رہا ہوں، پھر اسی لہجے میں جواب بھی ملے گا، اب آپ اٹک پل پار کرکے دکھائیں۔

یاد  رہے کہ اسلام آباد کے علاقے سنگجانی کی مویشی منڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے عمران خان کی رہائی کے لیے حکومت کو ڈیڈ لائن دی ہے۔

 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا تھا ’حکومت کو ڈیڈ لائن دیتے ہیں اگر2 ہفتوں کے اندر ہمارے قائد کو رہا نہ کیا گیا تو خود رہا کریں گے، مریم نواز سن لے این او سی ملے یا نہ ملے اگلا جلسہ مینارِ پاکستان لاہور میں ہوگا۔‘

انہوں نے جلسے میں شریک پی ٹی آئی کارکنان سے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا میں آئیں، صوبائی حکومت ان کی دعوت کرے گی، کسی کا باپ بھی کے پی میں کارکنان کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ کارکن تیار رہیں، این او سی ہو یا نہ ہو، اگلا جلسہ لاہور میں ہوگا۔

’مریم نواز میں آرہا ہوں، اگر مینار پاکستان میں اجازت ہوگی تو ٹھیک ہے ورنہ پٹھانوں کا اصول ہے کہ ہم ڈھول بھی لے کے آتے ہیں اور بارات بھی لے کے آتے ہیں۔ میڈیٹ چورو! پنگا مت لینا، اگر پنگا لیا تو تمہارا وہ حال کریں گے کہ تم بنگلہ دیش بھول جاؤ گے، تمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔‘

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی تقریر پر خواجہ محمد آصف کا ردعمل

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے کہا کہ وہ اپنے الفاظ پر قائم رہیں اور 15 دن میں اپنے لیڈر کو رہا کروائیں۔

وزیر دفاع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں علی امین گنڈاپور کو مخاطب کیے بغیر لکھا ہے کہ اپنے الفاظ پہ قائم رہنا، 15 دن میں اپنے لیڈر کو رہا کروانا۔ انہوں نے لکھا کہ تقریر میں یہ بھی بتانا تھا کہ پہلی دفعہ شہباز شریف کو ملنے کس کی ہدایت پہ آئے تھے۔ جلسے میں رنگ بازی کرتے ہو۔

خواجہ آصف نے پوسٹ میں مزید لکھا

’بنگلہ دیش کا حوالہ دینا اور پشتونوں کا لشکر لے کر پنجاب پہ حملہ آور  ہونے کی دھمکی۔۔ اس شخص سے اپنے حلقے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ اگر اس کے پاس اتنے لشکر ہیں تو دہشت گردی کنٹرول کر لے یا پھر مانے کہ یہ دہشت گردوں کے حلیف ہیں۔

 پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کیا کہا؟

صوبہ پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگ زیب نے بھی ایک ٹویٹ  کے ذریعے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا

’بدمعاش غنڈے اور سڑک چھاپ اپنے گھروں میں اپنی بہنوں سے اسی طرح مخاطب ہوتے ہیں۔ کیا غیرت مند پٹھان اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں سے اس طرح مخاطب ہوتے ہیں؟  انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اِس طرح کے لوگوں کو پروان چڑھایا ہے۔ یہ ہے نو مئی کے مجرموں کی اصلیت۔ اسی غلیظ ذہنیت نے ملک اور سیاست کو گندا کیا ہے۔ یہی غلیظ ذہنیت نوجوان نسل کو گمراہ کرنا چاہتی ہے۔ جو اِس غلیظ اور گھٹیا ذہنیت کو سپورٹ کریں، وہ بھی ایسے ہی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا’ انہی غلیظ بیانات کی وجہ سے نو مئی کا مجرم کہتا ہے میں علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑا ہوں۔ یہ لوگ معاشرے کی غلاظت کے ذمہ دار ہیں۔ یہ ہے خیبر پختونخوا کا وزیرِ اعلیٰ جو غیرت مند اور خواتین کی عزت کرنے والے پٹھانوں کی نماندگی کر رہا ہے، خیبر پختونخوا کے عوام پر ترس آتا ہے دل  دکھتا ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp