مارگلہ نیشنل پارک میں قائم ریسٹورنٹس کی جانب سے نظر ثانی اپیل سپریم کورٹ نے خارج کرتے ہوئے پارک ایریا میں قائم تمام ریسٹورنٹس کو بند کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے اور اپنے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔
سپریم کورٹ نے نیشنل پارک ایریا میں قائم مونال ریسٹورنٹ، لا مونٹانا، گلوریا جینز سمیت دیگر ریسٹورنٹس کو بند کرنے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے نہ صرف نظرثانی کی درخواستیں خارج کردیں بلکہ ریسٹورنٹس کے حق میں دی گئی آبرزویشنز بھی واپس لے لی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا مونال سمیت نیشنل پارک میں قائم تمام ریسٹورنٹس بند کرنے کا حکم
اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے مونال اور دیگر ریسٹورنٹس کو کسی اور مقام پر لیز کے وقت ترجیح دینے کی آبرزیشن واپس لیتے ہوئے کہا ہے کہ مونال، لا مونٹانا سمیت دیگر ریسٹورنٹس نے رضاکارانہ طور پر 3 ماہ میں ریسٹورنٹس بند کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
فیصلے کے مطابق، سپریم کورٹ میں یقین دہانی کے باوجود نظرثانی دائر کرنا عدالت کے ساتھ مذاق ہے، رضاکارانہ طور پر 3 ماہ میں ریسٹورنٹس ختم کرنے کی یقین دہانی کے بعد نظرثانی کی درخواست دائر کرنا توہین آمیز ہے لہذا عدالت اپنے پچھلے فیصلہ میں ان ریسٹورنٹس کے حق میں دی گئی آبزرویشن واپس لیتی ہے۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ: مونال ریسٹورنٹ کے مالک کو توہین عدالت کا نوٹس جاری، ڈائنو ویلی کا ریکارڈ طلب
سپریم کورٹ نے سی ڈی اے کو بند ہونیوالے ریسٹورنٹس کو دیگر علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر لیز فراہم کرنے کا کہا تھا، عدالت نے کسی اور مقام پر ریسٹورنٹس کی لیز میں نیشنل پارک ایریا کے ریسٹورنٹس کو ترجیح دینے کی ہدایت کی تھی، تاہم سپریم کورٹ نے لیز کے عمل میں ترجیح دینے کے اپنے فیصلے کو خذف کردیا ہے۔