کراچی کا ڈریم بازار پھر کھل گیا، خریداری کی شرائط کیا ہیں؟

منگل 10 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی یوں تو غریب پرور شہر ہے جہاں انسانی بقا نئے رنگ و روپ لیے افسانوی انداز سے رونما ہوتی ہے تاہم کاروبار بھی اپنے اوتار بدلتا رہتا ہے، یہاں پرانے استعمال شدہ کپڑوں کے لنڈا بازار کو ایک نئے انداز میں پیش کرنے کے کاروباری خیال کو  پچھلے دنوں شدید جھٹکا لگا جب ڈریم بازار کے افتتاحی روز سوشل میڈیا مارکیٹنگ کی بدولت انسانوں کا سمندر گلستانِ جوہر امڈ آیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں سستے ڈریم بازار کے افتتاح پر ہنگامی صورتحال کیوں پیش آئی؟

جوہر چورنگی پر واقع ڈریم بازار کی انتظامیہ کا یہ اعلان کہ ہر چیز 50 سے 1000 روپے میں دستیاب ہوگی نے سب کو مجبور کیا کہ وہ اس بازار ضرور جائیں گے جہاں سموسہ 45 روپے کا ملتا ہو وہاں شہریوں نے سوچا 50 روپے کی ٹی شرٹ کیوں نہ لیں، یہی وجہ تھی کہ کراچی کے عوام خریداری کے لیے امڈ آئے اور پہلے روز ہی وہ ہوا کہ ڈریم بازار کو بند کرنا پڑا۔

جوہر چورنگی کے قریب ایک ہفتہ قبل تھرفٹ اسٹور ڈریم بازار کا افتتاح انتظامیہ کے لیے ڈراؤنا خواب بن کر رہ گیا جب شہریوں کے جم غفیر نے اسٹور کے داخلی دروازے کے شیشے توڑ دیے، اسٹور میں لوٹ مار ہوئی، بیشتر کپڑے لوٹ لیے گئے، توڑ پھوڑ ہوئی، ڈنڈے برسے، اسٹور انتظامیہ کے پاس ڈریم بازار بند کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا۔

ڈریم بازار سے شاپنگ کیسے ممکن ہوگی؟

اسٹور انتظامیہ اس موقع پر سر جوڑ کر بیٹھی اور سب سے پہلے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے معذرت بھی کی، اس کے بعد ڈریم بازار کو دوبارہ کھولنے میں لگ بھگ ایک ہفتہ لگا، اس دوران سیکیوریٹی کے نئے سرے سے انتظامات کیے گئے، اسٹور کے باہر بانسوں سے ایک راہداری بنائی گئی ہے جہاں سے آپ کو گھوم کر جانا ہوگا اور آخر میں سیکیوریٹی کلیئرنس کرانا ہوگی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا وہ بازار جہاں یورپ سے آئے افراد خریداری کرتے ہیں

اہم شرط یہ عائد کردی گئی ہے کہ آپ فیملی کے ساتھ ہی شاپنگ کرسکتے ہیں ورنہ اکیلے آپ کو اندر جانے کی اجازت نہیں ملے گی۔

ڈریم بازار انتظامیہ کے مطابق یہ سارے اقدامات عوام کی سہولت کے لیے اٹھائے گئے ہیں، جس سے امید ہے کہ اب جو ڈریم بازار آئے گا وہ خریداری کرکے ہی جائے گا، اسٹور کے اندر بھی کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں جس سے خریداری کے عمل کو سہل بنایا جاسکے گا، اس ضمن میں نئے شیلف اور اسٹینڈز بنا کر ان میں کپڑے لٹکائے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp