وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے صوبے میں سرحدی چوکیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز کی منظوری دے دی ہے، پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ کرانے کے احکامات جاری کردیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبے میں سرحدی چوکیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز کی منظوری دیتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو اے پی سی، بلٹ پروف گاڑیاں اور بلٹ پروف جیکٹیں فوری طور پر دینے کا حکم جاری کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’وکٹ کے دونوں جانب مت کھیلیں‘ مریم نواز کی تعریف کرنا فواد چوہدری کو مہنگا پڑ گیا
وزیراعلیٰ پنجاب نے سرحدی پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ کرانے کی ہدایت کی اور بارڈر پر سیکیورٹی چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور بہتربنانے کی ہدایت کی ہے،انہوں نے بارڈر ملٹری پولیس کی تشکیل نو اور جدیدٹریننگ کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں ڈیوٹی پر موجود پولیس فورس کو باڈی کیم لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے ناجائز اسلحہ کے خاتمے کے لیے مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور آن ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کے سوشل میڈیا اور کیمرے کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کے خلاف غیر اخلاقی مہم میں اوریا مقبول جان کی پروڈکشن ٹیم ملوث نکلی
وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے، عوام کے تحفظ کے لیے جو کچھ بھی کرنا پڑا ضرور کیا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کاررائی کی جائے، پولیس جرم سرزد ہونے کا انتظار کیے بغیر پیشگی ایکشن کی اہلیت پیدا کرے، عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لیے جو کچھ بھی کرنا پڑا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے تھانے اب سولر سسٹم پر چلیں گے؟
انہوں نے کہا کہ پولیس چیک پوسٹوں پر حملہ آوروں کو اس قدر سخت جواب دیا جائے کہ وہ دوبارہ حملے کی جراّت نہ کریں، پولیس چیک پوسٹوں کے درمیان پولیس پٹرولنگ کا انتظام کیا جائے، اجلاس میں پولیس کو ایک ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے عید میلادالنبیؐ کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، بریگیڈئر (ر) بابر علاؤالدین، چیف سیکریٹری، ہوم سیکریٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر پولیس حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی-