سعودی کمپنی آرامکو پاکستان میں اپنا پہلا پیٹرول پمپ کب کھولے گی؟

جمعرات 12 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کی کمپنی آرامکو نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس سال کے آخر میں پاکستان میں اپنے پہلے پیٹرول پمپ کا افتتاح کرے گی۔ اس سے قبل بھی آرامکو نے پاکستان میں موجود گیس اینڈ آئل (گو) کمپنی کے 40فیصد شیئرز حاصل کیے ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق آرامکو نے بتایا کہ وہ اس سال کے آخر تک پاکستان میں آرامکو کے پہلے پیٹرول پمپ کا افتتاح کردیں گے، جس کے مقام کے بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے، اس کی تفصیلات بھی شیئر کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: گیس اینڈ آئل کمپنی کے حصص کی خریداری کا عمل مکمل، آرامکو نے پاکستانی مارکیٹ میں باضابطہ طور پر قدم رکھ دیا

آرامکو کے ایگزیکٹو نائب صدر یاسر مفتی نے مئی میں گو (GO) سے معاہدے کے بعد ایک بیان میں کہا تھا کہ ہماری کمپنی کے عالمی سطح پر پھیلاؤ کی رفتار بڑھ رہی ہے اور ’گو‘ کا حصول ہمارے سفر کا ایک اہم اگلا قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ گو کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے آرامکو کی اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور سروسز پاکستان میں قابل قدر صارفین کو فراہم کرنے کے منتظر ہیں۔ گیس اینڈ آئل پاکستان (گو) پاکستان کی بڑی ریٹیل اور سٹوریج کمپنیوں میں سے ایک ہے۔

ہم آرامکو کے عالمی شراکت داروں کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک میں ایک اور اعلیٰ صلاحیت کے اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے خوش ہیں اور آرامکو برانڈ کو بیرون ملک مزید فروغ دینے کے لیے اپنے وسائل اور مہارت کو یکجا کرنے کے بھی منتظر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مختلف کمپنیاں پیٹرولیم و گیس کی تلاش کے لیے پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی

اس سے قبل بھی آرامکو نے مارچ میں چِلّی کی ایک کمپنی ایس میکس ڈسٹری بیوشن ایس پی اے میں 100فیصد ایکویٹی حصص حاصل کرلیے تھے۔

خیال رہے آرامکو دنیا کے کئی ممالک میں اپنا نیٹ ورک رکھنے والی توانائی اور کیمیکلز کی سعودی کمپنی ہے جو دنیا میں بھیجے جانے والے ہر آٹھ بیرل تیل میں ایک پیدا کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp