پاکستان میں ایکس( ٹوئیٹر) سروس بحال ہونے کے ایک گھنٹے بعد ایک بار پھر بند کردی گئی ہے، اس سے قبل پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) کے وکیل نے سندھ ہائیکورٹ کو اس بارے میں آگاہ کردیا تھا کہ ایکس کی بندش کا نوٹیفکیشن واپس لیا جاچکا ہے۔ تاہم، پاکستان میں اس وقت کی صورتحال کے مطابق ایکس ڈاٹ کام تمام ڈیسک ٹاپ کمپوٹرز اور موبائل فونز پر بغیر کسی ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) کے چل رہا ہے۔
پاکستان میں ٹوئیٹر سروس بحال کردی گئی ہے، پی ٹی اے کے وکیل نے سندھ ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا pic.twitter.com/1L2ZAA2vsM
— Shahid Hussain (@ShahidHussainJM) September 12, 2024
سندھ ہائیکورٹ میں ایکس کی بندش کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی، پی ٹی اے کے وکیل احسن امام نے ایکس کی بندش سے متعلق نوٹیفیکیشن واپس لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جس درخواست میں وکیل ہوں اس میں ایکس کی بندش سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لیا جا چکا ہے۔
مزید پڑھیں: ایکس ڈاٹ کام بند کرنے کی ایک اور سرکاری وضاحت سامنے آگئی
عدالت نے اس موقع پر استفسار کیا کہ اگر لیٹر واپس لے لیا گیا تو ایکس بحال ہوگیا؟ وکیل درخواست گزار معیز جعفری نے عدالت کو بتایا کہ ایکس تک رسائی تاحال ممکن نہیں ہوسکی۔ عدالت نے ایک بار پھر استفسار کیا کہ کیا ایکس کی بندش کا اب کوئی نوٹیفیکیشن نہیں ہے؟ اس کا مطلب یہی ہے کہ ایکس بحال ہوگیا ہے۔
وکیل پی ٹی اے سعد صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ مجھے نوٹیفکیشن واپس لیے جانے سے متعلق کوئی معلومات نہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پی ٹی اے نے ہر درخواست کے لیے الگ وکیل رکھا ہے؟ یہ تو غلط ہے کہ ایک وکیل کو آگاہی دی گئی دوسرے کو نہیں۔
وکیل درخواست گزار معیز جعفری کا کہنا تھا کہ 28 مارچ کو وفاقی حکومت نے جواب جمع کروایا کہ ایکس کام کر رہا ہے، لیکن تاحال ایکس پر پابندی ہٹائی نہیں گئی۔ بغیر کسی وجہ سے کسی بھی سوشل میڈیا سائیٹ کو بند نہیں کیا جاسکتا، توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے، لیکن عدالتی احکامات کے باوجود ایکس بند ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں وی پی این کی بندش، پی ٹی اے کیا کہتی ہے؟
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ انٹلیجنس معلومات پر ایکس کو بند کیا گیا تھا، عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آپ کو ایکس کی بندش پر وجوہات دینی چاہییں۔ جس ے بعد عدالت نے اس درخواست میں ایکس کی بندش سے متعلق سرکاری مؤقف کے لیے سماعت 2ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔