کیا پاکستان میں تیارکردہ گوگل کروم بک مارکیٹ میں آنے والی ہے؟

جمعہ 13 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ آئی ٹی کا شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے، پاکستان میں پہلی دفعہ گوگل نے سرمایہ کاری کی ہے اور یہاں سستا گوگل کروم بک لیپ ٹاپ بنانا شروع کردیا ہے، یہ لیپ ٹاپ جلد مارکیٹ میں آجائیں گے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ گوگل کروم نے وزیراعظم سے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے سے متعلق بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میٹا نے بھی اپنا تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات کی ہے، ملک میں اے آئی کا مقابلہ پہلی بار ہوا جس کی فاتح ٹیم اب سنگاپور میں مقابلوں میں شریک ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل نے پاکستانی ڈیویلپرز کی سپورٹ کے لیے بڑا پروگرام شروع کردیا

وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے کہا کہ آپ بہت جلد اسلام آباد کو ملک کی پہلی اسمارٹ اور ڈیجیٹل سٹی کے طور پر دیکھیں گے، اس مقصد کے لیے سی ڈی اے، ایم سی آئی، پولیس اور دیگر تمام ادارے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سائبر سیکیورٹی پر پاکستان دنیا میں ایک رول ماڈل کے طور پر سامنے آیا ہے، تمام اداروں نے سائبر سیکیورٹی سے متعلق زبردست کردار ادا کیا، ہمارے سائبر سیکیورٹی اقدامات کی عالمی سطح پر پذیرائی ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل کا پاکستان کے لیے بڑا اعلان، کتنے اسمارٹ اسکولز بنائے جائیں گے؟

شزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کی ترقی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کا ویژن مثالی ہے، وہ پی ڈی ایم حکومت کے دور میں بھی انہوں نے آئی ٹی ٹاسک فورس کی خود 2 سال سربراہی کی، آج بھی آئی ٹی سے متعلق معاملات کی وہ خود نگرانی کرتے ہیں، ایس آئی ایف سی کے ہر اجلاس میں آئی ٹی ہی ٹاپ پر ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ 5 ستمبر کو ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے 2026 تک 5 لاکھ گوگل کروپ بکس کی پاکستان میں پیداوار کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں ’آگے بڑھو‘ کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں گوگل ایشیا پیسیفیک کے صدر اسکاٹ بیومونٹ نے پاکستان میں مقامی طور پر تیارکردہ کروپ بک (لیپ ٹاپ) وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کیا تھا۔

۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp