مشکلات کو عزم سے شکست دینے والی گلگت بلتستان کی پہلی خاتون افسر طاہرہ یعسوب

ہفتہ 14 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کی پہلی خاتون پولیس آفیسر طاہرہ یعسوب کو جب وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) ترقیابی پر رینک لگائے تو وہ جذباتی ہوگئیں، اور آنکھوں میں آنسو آگئے۔

خطے کی پہلی خاتون پولیس آفیسر کو وزیراعلیٰ حاجی گلبر اور وزیر سوشل ویلفیئر و ترقی نسواں نے ایک تقریب کے دوران رینک لگائے۔

یہ بھی پڑھیں ٹک ٹاک پر ویڈیو پوسٹ کرنا خاتون پولیس کانسٹیبل کو مہنگا پڑگیا

طاہرہ یعسوب نے اپنی محنت اور عزم سے نہ صرف محکمہ پولیس میں اہم مقام حاصل کیا بلکہ وہ پورے خطے کی خواتین کے لیے ایک مثال بن گئی ہیں۔

اس موقع پر طاہرہ یعسوب کا کہنا تھا کہ یہ سفر اتنا آسان نہیں تھا، لیکن میں نے محنت اور لگن سے مشکلات کو عبور کیا۔

گلگت بلتستان کی خاتون پولیس آفیسر کا یہ اعزاز خواتین کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ اگر خواتین کو موقع اور حمایت ملے تو وہ زندگی کے کسی بھی میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

اس موقع پر خاتون پولیس آفیسر نے خواتین کے لیے اپنے ایک پیغام میں کہاکہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں تو کامیابی ان کے قدم چومے گی۔

طاہرہ یعسوب خوشی کے اس موقع پر والدین کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔ ’والدین نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا، لیکن افسردہ ہوں کہ کامیابی کے ان لمحات میں وہ میرے ساتھ نہیں ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں اسکردو کی خاتون کسان جو کچن گارڈننگ سے لاکھوں روپے کماتی ہے

گلگت بلتستان کی پہلی خاتون پولیس آفیسر طاہرہ یعسوب کا یہ سفر محنت، لگن اور حوصلے کی ایک خوبصورت کہانی ہے جو ثابت کرتی ہے کہ عورتیں معاشرے کے کسی بھی شعبے میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp