کوئٹہ: کچلاک میں پولیس وین کے قریب دھماکا، 2 پولیس اہلکار شہید 1 زخمی

ہفتہ 14 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2پولیس اہلکار شہید ہوگئے اور ایک ڈرائیور زخمی ہے۔

پولیس کے مطابق کچلاک دھماکے میں 2 پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے ہیں، جبکہ ایک پولیس ڈرائیور زخمی ہوا ہے۔ جاں بحق اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، دھماکے کی نوعیت کا تعین تاحال نہیں ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: قلات بم دھماکا، 8 سیکیورٹی اہلکار زخمی

دوسری جانب حکومت بلوچستان نے کچلاک میں پولیس وین پر دھماکے اور اے ایس آئی کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے، اور ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کچلاک میں پولیس وین کے قریب دھماکا قابل مذمت ہے۔ ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی کچلاک دھماکے کی مذمت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی کچلاک دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 2 شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان: پولیس وین کے قریب دھماکا، 12 افراد زخمی، بیشتر کی حالت تشویشناک

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے قوم کے غیرمتزل عزم کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ قوم کی حمایت سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp