برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کے اقتدار کو ابھی 3 ماہ بھی مکمل نہیں ہوئے کہ انہیں مشکلات نے آن گھیرا اور کنزرویٹو پارٹی نے ان کی اہلیہ کو تحفے میں ملنے والے کپڑوں کے معاملے پر ان کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے لیبر پارٹی کے ڈونر لارڈ وحید علی کی جانب سے ان کی اہلیہ اکٹوریا اسٹارمر کو تحفے میں دیے گئے کپڑے ڈیکلیئر نہ کرکے ممکنہ طور پر پارلیمانی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نومنتخب برطانوی وزیراعظم نے غزہ میں جنگ بندی اور تنازعہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا مطالبہ کردیا
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اسٹارمر نے اپنی غلطی کی درستگی کے لیے گزشتہ منگل کو پارلیمانی قائدین سے رابطہ کیا تھا۔ برطانوی قوانین کے مطابق، تحفہ ملنے کے 28 دن کے اندر وزیراعظم کا اسے ڈیکلیئر کرنا ضروری ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ لارڈ علی نے وزیراعظم اسٹارمر کے لیے کئی ہفتوں تک رہائش کے انتظامات کیے تھے اور اس کام کے لیے انہوں نے 20 ہزار پاؤنڈز سے زائد رقم خرچ کی تھی۔ گزشتہ ماہ انکشاف ہوا تھا کہ لارڈ علی کوئی سرکاری عہدہ نہیں رکھتے لیکن اس کے باوجود انہیں ڈاؤننگ اسٹریٹ کا سیکیورٹی پاس دیا گیا ہے۔
کیئر اسٹارمر ماضی میں بھی بعض ایسے ہی معاملات پر پارلیمانٹ کی کمیٹیوں میں پیش ہوتے رہے ہیں، انہیں 8 مختلف ریکارڈز تاخیر سے ڈیکلیئر کرنے پر طلب کیا جاتا رہا ہے جن میں فٹبال میچوں کی ٹکٹس اور ایک پلاٹ کی فروخت کا ریکارڈ شامل ہے۔